غیرقانونی رام مندر کے یاتریوں کو سہولتیں دینے کی بات غلط ہے؛عبدالرحیم قریشی

01:01PM Wed 12 Aug, 2015

بھٹکلیس نیوز / 12 اگست، 15 حیدرآباد۔(راست) آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری جناب محمد عبدالرحیم قریشی نے کہا کہ بعض خبررساں ایجنسیوں کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور غلط بیانی کی وجہ سے مسلمانوں اور بعض مسلم ذمہ داروں میں بھی یہ تاثر پیدا ہوگیا کہ 7/ اور10/ اگست کو سپریم کورٹ نے بابری مسجد پر بنے غیر قانونی رام مندر کے یاتریوں کو مزیداور بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایات مرکزی اور یو۔پی حکومت کو دی ہیں۔ ایسی کوئی ہدایت یا حکم سپریم کورٹ جاری نہیں کیا 7/ کو سبرامنیم کی درخواست پرجو حکم دیا گیا وہ یہ ہے کہ فریقین اندرون تین ہفتہ اپنا جواب داخل کریں اور اس پر اندرون تین ہفتہ جواب الجواب کا حلف نامہ داخل کیا جائے۔ مزید بہتر سہولتوں کا ایک جملہ بھی حکم میں نہیں ہے۔ اس طرح 10/ اگسٹ کو سپریم کورٹ کے تین ججس کے اجلاس نے تارپولین کوجو جگہ جگہ پھٹ گیا ہے اس کو بدلنے کا حکم اس ہدایت کے ساتھ دیا کہ اسی قسم کا اور اسی سائز کا تارپولین‘ سابق میں جو رسیاں تھیں اسیطرح کی رسیوں سے عارضی مندر پر لگایا جائے۔ ایسی کوئی بات دونوں تاریخوں کے آرڈدرس میں نہیں ہے جو قابل اعتراض یا منافی عدل وانصاف ہو۔