خطے میں ایرانی مداخلت سے متعلق خلیج تعاون کونسل کا اجلاس
01:18PM Wed 9 Mar, 2016
خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے وزراء خارجہ کا ایک اجلاس بدھ کے روز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہو رہا ہے جس میں خطے کے ممالک کے داخلی امور میں ایران کی مداخلت کو زیربحث لایا جائے گا۔ واضح رہے جمعرات کے روز قاہرہ میں بھی عرب وزراء خارجہ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ایران کے ساتھ بحران کا جائزہ لیا جائے گا۔
خلیج تعاون کونسل کی جانب سے لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے بعد خلیجی ممالک خطے میں ایرانی مداخلت سے متعلق معاملے کو وسعت دے کر عرب اور بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
بدھ کے روز ہونے والے اجلاس کی صدارت سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کر رہے ہیں۔ اجلاس میں دیگر موضوعات کے ضمن میں خطے میں ایران کے اپنے دست و بازوؤں کے ذریعے غلبے کو روکے جانے کے لیے میکانزم وضع کرنا بھی شامل ہے۔ ایران خطے میں فرقہ وارانہ جنگ بھڑکانے کے لیے حزب اللہ، حوثی ملیشیاؤں اور پاپولر موبیلائزیشن فورس کو استعمال کر رہا ہے۔
مذکورہ اجلاس کے ایک روز بعد عرب وزراء خارجہ کی سطح پر ایران کے ساتھ بحران کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے چار رکنی متعلقہ عرب کمیٹی کا اہم اجلاس قاہرہ عرب لیگ کے جنرل سیکریٹریٹ میں منعقد ہو گا۔
کمیٹی کے اجلاس میں عرب ممالک کے امور میں ایران کی مداخلت روکنے کے طریقہ کار اور پابندیوں کے اٹھائے جانے کے بعد ان مداخلتوں میں اضافے سے متعلق اندیشوں کو زیربحث لایا جائے گا۔
عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں ایرانی مداخلت سے متعلق چار رکنی عرب کمیٹی جنوری میں عرب لیگ کی جانب سے جاری قرار داد کی بنیاد پر تشکیل دی گئی تھی۔