یوم آزادی کے موقع پر صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کا قوم سے خطاب ، کہا : کمزورطبقات پر حملے کے خلاف سختی ضروری

03:30PM Sun 14 Aug, 2016

نئی دہلی : صدر پرنب مکھرجی نے حالیہ دنوں میں معاشرے کے کمزور طبقات کے لوگوں، عورتوں اور بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ حملے قومی کردار کے خلاف ہیں، جن سے سختی سے نمٹا جانا چاہئے۔ مسٹر مکھرجی نے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کے نام خطاب میں کہا کہ یہ واقعات کچھ سماج دشمن عناصر کے انتشار کا نتیجہ ہے اور انہیں پوری امید ہے کہ ایسے عناصر حاشیہ پر ہی رہیں گے اور ملک کی اقتصادی ترقی کاراستہ ہموار ہوتا رہے گا۔ صدر نے اپنے چار سال کی مدت کا تجربہ بانٹتے ہوئے کہا، ’’ان چار سالوں میں میں نے کچھ ہنگامہ خیز، پرتشدد اور شرپسند طاقتوں کو سر اٹھاتے ہوئے دیکھا ہے۔ ہمارے قومی علامت کےبر خلاف کمزور طبقوں پر ہوئے حملے ایک طرح کی سنک ہے، جس سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملک کی مضبوط اقدار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’ملک کے معاشرے اور اقتدار کی اجتماعی سمجھ کی وجہ سے مجھے اعتماد ہے کہ ایسے عناصر کو غیر فعال کر دیا جائے گا اور ہندوستان کی شاندار ترقی کا سفر بغیر رکاوٹ کے جاری رہے گا‘‘۔ خواتین اور بچوں کے خلاف ہونے والے پر تشدد واقعات پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو دی گئی سیکورٹی اور تحفظ ملک اور معاشرے کی خوشحالی کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین یا بچوں پر کیا جانے والا ہرپر تشدد واقعہ تہذیب و اقدار کی روح پر زخم لگاتا ہے۔ اگر ہم اس فرض میں ناکام رہتے ہیں تو ہم مہذب معاشرہ قطعی نہیں کہے جا سکتے ۔