سعودی ولی عہد کا دورہ متحدہ عرب امارات، ہم منصب سے ملاقات
02:22PM Fri 23 Nov, 2018
ابو ظہبی: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مختلف عرب ممالک کے دورے پر روانہ ہوئے جہاں ان کا پہلا پڑاؤ متحدہ عرب امارات تھا، ابوظہبی ایئرپورٹ پر ولی عہد محمد بن زید النہیان نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا۔
سعودی ولی عہد اور ابوظہبی کے ولی عہد کے درمیان اہم ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ یمن کی کشیدہ صورت حال پر بھی دونوں اتحادیوں نے اہم فیصلے کیے۔
عرب ممالک کی دو اہم اور طاقتور شخصیات کے درمیان ملاقات اس وقت ہوئی ہے جب یمن میں جنگ اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہی ہے، عرب ممالک اپنی نیٹو فوج کے خدوخال پر کام کر رہے ہیں اور ایران و قطر پر پابندیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں۔
سعودی ولی عہد کی آمد کی طرح دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے ایجنڈے کو بھی خفیہ رکھا گیا اور تاحال مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ملاقات کے دوران طے پانے والے معاملات سے بھی میڈیا کو آگاہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خلیجی ممالک کے دورہ کا آغاز کردیا ہے تاہم ریاض سے جاری بیان میں اُن ممالک کے نام یا تعداد نہیں بتائے جہاں ولی عہد نے جانا ہے۔