تمل ناڈو:ایم کے اسٹالن کے خلاف مقدمہ درج

01:45PM Mon 20 Feb, 2017

چنئی،(بھٹکلیس نیوز)تمل ناڈوکے دارالحکومت پولیس نے ڈی ایم کے لیڈرایم کے اسٹالن کے خلاف مرینا بیچ پربغیراجازت کے مظاہرہ کرنے پرمعاملہ درج کیاہے۔واضح رہے کہ ہفتہ کوریاستی اسمبلی میں پلانی سوامی کے اعتمادکے ووٹ کی تجویز میں ہوئے بھاری ہنگامہ اور تشدد میں اسٹالن نے سینٹر اسٹیج لے لیا تھا۔وزیراعلیٰ نے اعتماد کا ووٹ جیت لیالیکن ووٹنگ سے پہلے اسٹالن کو ان کے ممبران اسمبلی کے ساتھ ایوان سے باہر لے جایا گیا، باہر نکلتے ہوئے اسٹالن کی شرٹ کے بٹن کھلے ہوئے تھے اوران کی قمیص کی جیب پھٹی ہوئی تھی۔انہوں نے الزام لگایا تھا کہ ایوان میں ان کے ساتھ بھی ہاتھا پائی ہوئی ہے۔اس سے پہلے اسپیکرپی دھن پال نے الزام لگایا تھا کہ ڈی ایم کے کے اراکین اسمبلی نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی ہے۔شام کو اسٹالن چنئی کے مرینا بیچ پر بھوک ہڑتال کرنے بیٹھے ،لیکن تھوڑی ہی دیر بعد پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔اعتماد کے ووٹ کے بعد سابق وزیراعلیٰ اوپنیرسیلوم نے ڈی ایم کے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی انصاف ہونا باقی ہے، ڈی ایم کے کے اراکین اسمبلی کوزبردستی باہر بھیجا گیا اور پھر ووٹنگ کی گئی، اس طرح باہر لے جاناجمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔پنیرسیلوم نے کہا کہ یہ تو لوگ ہی طے کریں گے کہ یہ سب کچھ کتنا صحیح ہے، جب ہم لوگوں سے ملیں گے ،تبھی ہم ان کے خیالات کو سمجھ پائیں گے۔قابل ذکرہے کہ ہفتہ کو تمل ناڈو اسمبلی میں پانچ گھنٹے تک چلے بھاری ہنگامے کے درمیان وزیر اعلی پلانی سوامی نے 122ووٹوں کے ساتھ اعتماد کا ووٹ تو جیت لیا لیکن ایوان کے اندر جو کچھ ہوا، اس کی کافی مذمت کی جا رہی ہے۔خفیہ ووٹنگ کے مطالبہ کو لے کر اسمبلی کے اندر میز، کرسیاں اور مائیک توڑ دئیے گئے، اسپیکر پی دھن پال کے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی۔ سوشل میڈیا پر اس معاملے میں لوگوں نے سخت ردعمل کااظہار کیا ہے۔اداکار کمل ہاسن نے بھی اس مسئلے پر تیکھا طنز کیاہے ، انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک کے بعد کئی ٹوئٹ کئے، جس میں انہوں نے ممبران اسمبلی کو نشانے پر لیا۔