وزیر اعظم مودی نے سادھا نشانہ ، سرجیکل اسٹرائیک کے بعد اب ائیراسٹرئیک کا ثبوت مانگ رہا اپوزیشن
12:03PM Sun 3 Mar, 2019
وزیراعظم مودی نے آج اپوزیشن پر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ سرحد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہندستانی فضائیہ کے فضائی حملے پر کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتیں ثبوت مانگ کرنہ صرف فوج کا حوصلہ توڑرہی ہیں بلکہ اس معاملہ پر الگ آواز میں بات کرکے پاکستان کو خوش بھی کررہی ہیں، جسے ملک کبھی معاف نہیں کرے گا۔
مسٹر مودی نے پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی سنکلپ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہندستان کی اہل فوج دہشت گردی کو کچلنے کے لئے سرحد کے اندر اور سرحد کے پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے میں مصروف ہے تو ایسے وقت میں پورے ملک کی آواز ہماری فوج کی حوصلہ افزائی کرنے والی ہونی چاہئے ، لیکن کانگریس اور ان کے ساتھی ایسا کرنے کے بجائے ایسی باتیں کررہے ہیں جس سے دشمنوں کے چہرے کھل رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جب دہشت گردی کی فیکٹری چلانے والوں کے خلاف متحد ہوکر ایک آواز میں بات کرنے کی ضرورت تھی تب دہلی میں 21پارٹیاں مل کر مرکز کی این ڈی اے حکومت کے خلاف مذمتی قرارداد پاس کرنے میں مصروف تھیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ٹی وی پر ان کی باتیں اور ان کی تصاویر دکھائی جارہی تھیں، جس سے وہاں تالیاں بجائی جارہی تھیں ۔ بہار اور پوراملک ان کی اس حرکت کو کبھی معاف نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہندستان کے بہادر جوانوں نے جو ہمت اور بہادری دکھائی ہے ، اس پر کانگریس اور ان کے ساتھی شبہ کررہے ہیں۔ جس طرح سے سرجیکل اسٹرائک کا ثبوت مانگا تھا اسی طرح اب وہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کا بھی ثبوت مانگ رہے ہیں۔