کولکاتہ میں ہائی وولٹیج ڈراما ، پولیس کمشنر کے گھر چھاپہ مارنے پہنچے پانچ سی بی آئی افسران حراست میں

03:52PM Sun 3 Feb, 2019

مغربی بنگال کے مشہور شاردا چٹ فنڈ اور روز ویلی گھوٹالہ معاملہ میں کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ اتوار شام سی بی آئی کی ایک ٹیم کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کے گھر پر چھاپہ مارنے پہنچی ۔ اس کو لے کر سی بی آئی ٹیم اور کولکاتہ پولیس کی ٹیم کے درمیان کہا سنی ہوگئی اور ہاتھا پائی تک نوبت پہنچ گئی ۔ بتایا جارہا ہے کہ پولیس نے سی بی آئی ٹیم کو راجیو کمار کے گھر میں داخل ہونے سے روک دیا ہے ۔ وہیں ایسی خبریں بھی ہیں کہ پولیس سی بی آئی کے پانچ افسران کو تھانے لے کر گئی ہے۔ پورے معاملہ کی جانکاری ملنے کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی پولیس کمشنر راجیو کمار کے گھر پہنچ چکی ہیں ۔ بتادیں کہ سی بی آئی شاردا چٹ فنڈ معاملہ میں کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کی پوچھ تاچھ کیلئے تلاش کررہی ہے۔ راجیو کمار کئی دنوں سے لاپتہ بتائے جارہے ہیں ۔
 کولکاتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کا گھر شیکسپیئر سارنی میں پڑتا ہے ۔ اس معاملہ کے بعد ان کے گھر کی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے۔ سی بی آئی کی یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب کولکاتہ پولیس نے پریس کانفرنس کرکے اس رپورٹ کو خارج کردیا تھا کہ پولیس کمشنر سی بی آئی جانچ کے دائرے میں ہیں ۔ لیکن وزیر اعلی ممتا بنرجی نے پولیس کمشنر کا دفاع کیا ہے۔