سعودی اتحاد کے حوثیوں کے ٹھکانوں پر نئے فضائی حملے

12:49PM Thu 28 May, 2015

بھٹکلیس نیوز / 28 مئی،2015 ریاض / (العربیہ) سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے یمن میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر جمعرات کو نئی بمباری کی ہے۔ العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق یہ فضائی حملے یمن سے سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں گولہ باری کے بعد کیے گئے ہیں۔اس گولہ باری سے سعودی عرب کے دو سرحدی محافظ جاں بحق ہوگئے تھے۔العربیہ نے بتایا ہے کہ فضائی حملوں میں سعودی عرب کی سرحد کے نزدیک واقع یمن کے شہروں صعدہ اور حجہ میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے الریاض میں جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بدھ کو یمن کی جانب سے میزائل فائر کیے گئے تھے اور یہ سرحدی صوبے عسیر میں واقع زہران میں سرحدی محافظوں کی ایک پوزیشن پر گرے تھے۔ اس میزائل حملے میں دو سرحدی محافظوں کی ہلاکت کے بعد گذشتہ دوماہ کے دوران سعودی عرب کے سرحدی علاقوں میں حوثی ملیشیا کی گولہ باری سے جاں بحق ہونے والے سعودی شہریوں اور فوجیوں کی تعداد تیس ہوگئی ہے۔ سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کی 26 مارچ سے حوثی ملیشیا کے خلاف جاری فضائی مہم کے دوران سرحدی علاقے میں سعودی فورسز اور حوثی ملیشیا کے درمیان متعدد مرتبہ خونریز جھڑپیں ہوچکی ہیں۔ ادھر یمن میں صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز اور حوثی ملیشیا اور ان کے اتحادیوں کے درمیان گذشتہ ہفتوں کے دوران خونریز جھڑپوں اور فضائی حملوں میں دو ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔اقوام متحدہ کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق اس عرصے میں پانچ لاکھ سے زیادہ یمنی بے گھر ہوئے ہیں۔