آرایس ایس پرچوٹ لگاؤ، بی جے پی کا قلعہ خود منہدم ہوجائے گا: رام گوپال یادو نے سماجوادی کارکنان کو نسخہ

03:31PM Thu 4 Oct, 2018

اٹاوہ: آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے کارکنوں کوجیت کا نسخہ تجویز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی جان آر ایس ایس نامی طوطے میں ہے، اس لئے اس پرچوٹ کرنا ہرکارکن کا ہدف ہونا چاہئے۔ نمائش پنڈال میں اٹاوہ اسمبلی حلقے کی بوتھ لیول کے ذمہ داروں کی میٹنگ میں پروفیسررام گوپال یادو نے کہا ’’آر ایس ایس کا نیٹ ورک ہی بی جے پی کی جان ہے، اس کومنہدم کرنا ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔ 2019 کے عام انتخابات میں کامیابی کے لئے آرایس ایس کے نیٹ ورک کومسمارکرنا بہت ضروری ہے‘‘۔
 کارکنوں میں جوش کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ہم نے اس نیٹ ورک کو منہدم کرنے کا چیلنج دہلی میں قبول کیا ہے۔ اس چیلنج کو پائے تکمیل تک پہنچانے میں آپ ہمارا تعاون کریں‘‘۔ اس پر پارٹی کارکنوں نے ہاتھ اٹھا کا انہیں بھروسہ دلایا کہ وہ اس چیلنج کوہرحال میں پورا کریں گے۔
گوکھپور، پھول پوراورنورپور میں ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شکست فاش کا حوالہ دیتے ہوئے ایس پی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ کارکن ان انتخابات کے نتائج سے باحوصلہ ہیں اوراگربوتھ انچارجوں نے اپنی ذمہ داریوں کو صحیح ڈھنگ سے ادا کیا تو بی جے پی کو شکست دینے میں کسی بھی قسم کی کوئی دقت نہیں آئے گی۔ پروفیسر رام گوپال یادو نے کہا کہ جملے بازی اورعوام مخالف پالیسوں کی وجہ سے بی جے پی لگاتارکمزورہو رہی ہے۔ راجستھان، چھتیس گڑھ اورمدھیہ پردیش تینوں ریاستوں میں بی جے پی اسمبلی انتخابات ہاررہی ہے ۔ میٹنگ میں خواتین کی تعداد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین بھی نظر آئی ہیں، آنے والے دنوں میں خواتین کے حق میں کافی کچھ بہتر ہونے والاہے۔ ایس پی رہنما نے کہا کہ ملک کی معیشت لگاتار خراب ہو رہی ہے۔ مزدوری نہیں مل رہی ہے۔ روزگار ختم ہو رہا، سارا ریزرویشن ختم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت پرکوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہیں گے۔ اعلی تعلیم میں ریزرویشن کے معاملے پرتبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 13 ججوں پرمشتمل بنچ کے فیصلے کو ایک جج نے ختم کردیا یقینی طور سے یہ حیران کن کرنے والی بات ہے۔