مارک زکربرگ نے امریکی کانگریس سے معافی مانگی
11:39AM Tue 10 Apr, 2018
نیویارک۔ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے ڈیٹا لیک کے حوالے سے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا اور کہا کہ انہیں معاف کردیا جائے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مارک زکربرگ نے سینیٹ کی کامرس اور انصاف کی کمیٹی کے سربراہان کے علاوہ دیگر سینیٹرز سے ملاقاتیں کیں اور یہ اعتراف کیا ہے کہ ان سے غلطی ہوئی ہے ۔ معاف کردیں ۔
ان ملاقاتوں کے علاوہ فیس بک کے بانی نے اپنے فیس بک پر معافی نامہ بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے جعلی خبروں، صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے اور امریکی انتخابات میں بیرونی مداخلت جیسے معاملات میں کمپنی کے کردار پر معافی مانگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ سوشل نیٹ ورکنگ معاملات میں ناکام رہے ۔
ملاقات کےبعد صحافیوں سے بات کرتےہوئے ڈیموکریٹ سینیٹر بل نیلسن نے کہا کہ مارک زکربرگ نےانہیں بتایا کہ کیمبریج اینالیٹیکا نے ڈیٹا سے متعلق فیس بک سےجھوٹ بولاتھا۔ سینیٹر نیلسن کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے اس وقت کوئی اقدام نہ کیا تو پھر ہم میں سے کسی کی کوئی پرائیویسی نہیں رہے گی ۔