کانگریس کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں :کمار سوامی

01:18PM Thu 10 Jan, 2019

بنگلورو۔ 10جنوری (سالار نیوز ) کرناٹک میں بیشتر بورڈس اور کارپوریشنس کے لئے نامزدگی کے مسئلہ پر جے ڈی ایس اور کانگریس اتحاد میں اختلافات کی میڈیااطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے دعویٰ کیا کہ بغیر کسی مسئلہ کے حکومت آسانی کے ساتھ جاری ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نامزدگیوں پر بعض تکنیکی مسائل دورنہیں کئے گئے تھے اور بعض پر تقرر روکے گئے تھے ۔اس کا مطلب یہ نہیں کہ حلیف جماعتوں کے درمیان سنگین اختلافات ہیں۔ بعض عہدوں پر نامزدگیوں کو روکنے سے اس مسئلہ پر کانگریس کے لیڈروں میں ناراضگی کی اطلاعات میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔7ماہ پرانی اتحادی حکومت پر بی جے پی لیڈروں سے خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ماضی میں بی جے پی کے لیڈر حکومت کے گرانے کے بارے میں کئی بارخوش فہمی میں مبتلاہوئے تھے۔ تاہم یہ تمام کھوکھلی ثابت ہوئیں۔ نئی مہلت جو بی جے پی کے لیڈروں کی جانب سے دی گئی ہے وہ بھی ایسی ہی ہوگی۔اڈپی ضلع کے 7ماہی گیروں کے لاپتہ ہونے کے مسئلہ پر انہو ں نے کہا کہ ان کی تلاشی کا کام کیا جارہا ہے ۔اس مسئلہ پر ان کے ارکان خاندان کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ وزیر سمکیات وینکٹ راؤ لاپتہ ماہی گیروں کے مسئلہ پر مسلسل نگرانی رکھے ہوئے ہیں’ انہو ں نے کہا کہ حکام ان اطلاعات کی تصدیق کررہے ہیں کہ آیا لاپتہ ماہی گیر دہشت گردوں کا نشانہ تو نہیں بنے ؟ اس موقع پر کمار سوامی نے لاپتہ ماہی گیروں کے لواحقین کے لئے فی کنبہ ایک لاکھ روپئے فراہم کرنے کااعلان بھی کیا ۔لاپتہ ماہی گیروں کے کنبوں کو ایک لاکھ روپئے کاچیک دینے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران حکومت نے کرناٹک کے گرفتار 15ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے ۔