امریکہ میں آٹھویں جماعت کی طالبہ کے پینٹ میں رکھے آئی فون کو لگی آگ

01:05PM Sun 2 Feb, 2014

بھٹکلیس نیوز / 02 فروری 14 امریکہ / (ایجنسیز) ایک امریکی اسکول میں آٹھویں جماعت کی طالبہ اسوقت بیہوش ہو گئی جب اسکی جیب میں پڑے آئی فون کو آگ لگ گئی۔ صبح 7.40منٹ پر جب یہ بچی اپنی جماعت میں بیٹھی تھی تو اسکی پینٹ کی پچھلی جیب میں ایک ہلکے سے پٹاخے کی آواز آئی، اور ایسے محسوس ہوا جیسے آگ لگ گئی ہے۔ وہ اسی دوران زمین پر جا گری اور بیہوش ہو گئی۔ اسکی ٹیچرنے آگ بجھانے کیلئے اس پر کمبل ڈالا، اور آگ پر قابو پالا ۔ بچی کو ایمرجنسی میں اسپتال لانا پڑا، اور طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ ایمرجنسی سروسز کے مطابق یہ سب آئی فون کی بیٹری شارٹ ہونے کی وجہ سے ہوا۔ اور اسکا نقصان اس بچی کو اٹھانا پڑا۔ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ایپل کے آئی فون آگ پکڑ چکے ہیں، اور صارفین کو نقصان پہنچا چکے ہیں۔ اس حالیہ واقعہ کے بعد امریکہ بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، اور والدین اپنے بچوں کو آئی فون استعمال کرنے سے منع کر رہے ہیں ۔ ساتھ ہی ساتھ متاثرہ بچی کے والدین نے ایپل کیخلاف قانونی کاروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ایپل کی غلطی ثابت ہونے پرایپل کو بھاری مالی جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔