ٹرمپ نے ترکی کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے بیان پر یوٹرن لے لیا
11:59AM Tue 15 Jan, 2019
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کی معیشت کو تباہ کرنے کے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی کے وسیع مواقع ہیں۔
گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے ترکی کے خلاف انتہائی سخت بیان جاری کرتے ہوئے ٹوئٹ کی تھی کہ شام سے امریکی فوج کا انخلا شروع ہو گیا ہے اور اگر ترکی نے شام میں کردوں کو نشانہ بنایا تو امریکا ترکی کو اقتصادی طور پر تباہ کر دے گا۔ تاہم آج حیران کن طور پر انہوں نے پینترا بدلتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ میری ترک ہم منصب طیب اردگان سے فون پر بات چیت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی ترقی کے فروغ کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ترک صدر سے شام میں امریکی فوجی انخلا پر بھی گفتگو کی اور انہیں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران داعش کے خلاف جنگ میں اپنی تازہ ترین کامیابیوں سے آگاہ کیا جب کہ بیس میل طویل ایک سیف زون (محفوظ علاقہ) بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ شام میں ترکی کے سکیورٹی خدشات سے آگاہ ہیں اور اس کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ ترک وزیر خارجہ نے معیشت تباہ کرنے کی ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی دھمکی سے ڈرنے یا خوف زدہ ہونے والے نہیں۔Starting the long overdue pullout from Syria while hitting the little remaining ISIS territorial caliphate hard, and from many directions. Will attack again from existing nearby base if it reforms. Will devastate Turkey economically if they hit Kurds. Create 20 mile safe zone....
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) January 13, 2019