سعودی عرب میں شوّال المکرم کا چاند نظر آگیا، آج عید الفطر منائی جارہی ہے

05:25AM Tue 4 Jun, 2019

سعودی عرب میں شوّال المکرم کا چاند نظر آگیا ہے اورآج منگل چار جون کو مملکت میں مذہبی عقیدت واحترام سے عید الفطر منائی جارہی ہے۔ سعودی عرب کے شاہی دیوان نے سوموار کو شوال کا چاند نظر آنے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ عیدالفطر کی تقریبات کا آغاز منگل سے ہوگا۔متحدہ عرب امارات اور عراق میں بھی آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ وہیں کچھ دیگر ممالک نے بدھ کو عید الفطر ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ خلیج ٹائمز نے الموطن کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ انڈونیشا نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو آخری روزہ ہوگا اور بدھ کے دن عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی ۔ رپورٹ کے مطابق جاپان اور ملیشیا میں بھی رویت ہلال کمیٹیوں نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کے دن عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی ۔
 وہیں دوسری طرف ہندوستان کی مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے بھی لوگوں سے منگل کے دن چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے ۔ ہندوستان میں ساحلی کرناٹک کے علاوہ منگل کے روز 29 رمضان ہے اور مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے شوال المکرم کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے، جبکہ ساحلی کرناٹک میں آج 30/واں روزہ ہے جس کی وجہ سے وہاں کل بدھ کو عید یقینی ہے۔