او آئی سی کی تنقید پر نقوی بولے۔ ہندوستان مسلمانوں کے لئے جنت، جنہیں نہیں دکھتا تو یہ ان کی دقت

12:35PM Tue 21 Apr, 2020

نئی دہلی۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذریعہ ہندوستان میں ’ اسلاموفوبیا‘ کے مبینہ واقعات پر تشویش ظاہر کرنے کے کچھ دنوں کے بعد اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ سیکولر ازم اور ہم آہنگی ہندوستان اور ہندوستانیوں کے لئے 'سیاسی فیشن' نہیں بلکہ ’پرفیکٹ پیشن‘ ( جنون وجذبہ) ہے اور اسی باہمی اقدار اور پختہ عزائم نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو کثرت میں وحدت کے فارمولہ میں باندھ رکھا ہے۔ نقوی نے منگل کو یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا’’اقلیتوں سمیت ملک کے تمام شہریوں کے آئینی، سماجی اور مذہبی حقوق ہندوستان کی آئینی اور اخلاقی ضمانت ہے۔ کسی بھی حالت میں ہماری کثرت میں وحدت کی طاقت کمزور نہیں ہو سکتی۔ ہمیں ہوشیار اور متحد ہو کر ایسی قوتوں کے پروپیگنڈے کو شکست دینا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز اور اشتعال انگیز باتوں اور افواہ پھیلانے والی سازش سے ہم لوگوں کو ہوشیار رہنا چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان میں تمام شہریوں کی حفاظت کے لئے کام ہو رہا ہے۔ اس طرح کی سازش سے کورونا وائرس کے خلاف ملک کی اجتماعی جنگ کو کمزور نہیں ہونے دینا ہے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں پورا ملک متحد ہوکر مذہب،علاقائیت،ذات پات کی تنگ قیود وحدود سے اوپر اٹھ کرکورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔