بہارمیں مندروں کے باہردھماکے ؛ دو زخمی

02:53PM Sun 7 Jul, 2013

بہارمیں مندروں کے باہردھماکے ؛ دو زخمی بھٹکلیس نیوز 07/جولائی بہار/ (ایجنسیز) ہندوستان کی مشرقی ریاست بہار میں بدھ مت کے پیروکاروں کی تاریخی عبادت گاہوں کے باہر یکے بعد دیگرے آٹھ دھماکے ہوئے ہیں۔ ان دھماکوں میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دھماکے ہلکی نوعیت کے تھے اس لیے زیادہ نقصان نہیں ہوا ہے۔ریاست بہار کے علاقے گایا میں بدھ مت کی تاریخی عبادت گاہ مہا بدھی ہے جہاں ایک احاطے میں مندروں کے علاوہ مذہبی مقامات بھی ہیں۔دھماکے کے بعد مقامی پولیس نے تمام مندروں کو خالی کروالیا ۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد ابتدائی تحقیقات کے لیے شواہد اکھٹا کرنا شروع کر دیے ہیں ۔ مہا بدھی مندروں کی کمیٹی کے ایک عہدایدار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دھماکوں کی شدت کم تھی اور اس سے مندروں کی عمارتوں کو نقصان نہیں پہنچا ہے لیکن دھماکوں کے بعد دھواں پھیل گیا تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والے ایک شخص کا تعلق برما سے بتایا گیا ہے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔پولیس کے سنیئیر اہلکارنے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے مندروں کے دروازے پر ہوئے اور دھماکے کے وقت مندروں میں عبادت کرنے والوں کی تعداد بہت کم تھی۔پولیس اہلکاروں کے مطابق اس علاقے میں ممکنہ دھماکوں کی اطلاعات پہلے سے تھیں ۔ تاہم انھوں نے تفصیل بتانے سے گریز کیا۔ انھوں نے بتایا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بم دھماکوں کا مقصد زائرین میں خوف وہراس پھیلانا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دھماکے اُس جگہ ہوئے جہاں بدھ مت کے ماننے والوں کی عبادت گاہیں تھیں۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ تواتر کے ساتھ کئی دھماکے ہوئے لیکن اُن کی شدت کم تھی۔ ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے ایک سو تیس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع اس علاقے میں بدھ مت کی تاریخی اہمیت کی حامل عبادت گاہیں موجود ہیں ۔ جاپان ، تھائی لینڈ اور میانمار سے ہزاروں زائرین ان تاریخی عبادت گاہوں میں آتے ہیں ۔ Bodh-gaya-terror-attack