قتل کے الزام میں ایک کنبے کے چار ملزمان کو عمر قید و جرمانہ
03:15PM Wed 29 Mar, 2017
پرتاپ گڑھ ۔(بھٹکلیس نیوز)اتر پردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے ایڈیشنل سیشن جج نونیت کمار کی عدالت نے خاتون کو زندہ جلا کر قتل کرنے کے الزام میں ایک ہی کنبے کے چار ملزمان کو عمر قید و جرمانہ کی سزا سنائی ہے ۔استغاثہ کے بموجب وقوعہ تھانہ ماندھاتہ علاقے کے موضع سرائے گوند کا ہے جہاں ریکھا دیوی نے شکایت درج کرائی کہ 22مارچ 2013 کو اس کی نند نشاء پر دیوار کے تنازع میں مار پیٹ کے دوران راجیندر بہادر سنگھ اس کی اہلیہ منپھولہ دیوی ،بیٹے شیش نرائن اور بہو کرن سمیت چاروں لوگوں نے مٹی کا تیل چھڑک کر جلا دیا۔شدید جھلسی حالت میں علاج کیلئے ضلع اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔پولیس نے قتل کا کیس درج کر کے چاروں ملزمان کے خلاف فرد جرم عدالت میں پیش کی۔فاضل عدالت نے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے وکلاء کے استدلال سننے کے بعد شواہد کی بنیاد پر خاطی ثابت ہونے پر راجیندر بہادر سنگھ سمیت چاروں ملزمان کو عمر قید و دس دس ہزار روپیہ جرمانہ کی سزا سنائی ہے ۔