وطن کی پرستش کے مفہوم کا کوئی نعرہ مسلمانوں کے لئے جائز نہیں ہوسکتا؛ مفتیان کرام
12:39PM Thu 31 Mar, 2016
بھٹکلیس نیوز؍31 مارچ، 16
دیوبند؍’’بھارت ماتا اہل ہنود کے عقیدہ کے مطابق ایک دیو ی ہے جس کی وہ پوجا کرتے ہیں۔یہ لوگ بھارت ماتا دیوی کو ہندوستان کی مالک اور متصرف سمجھتے ہیں یہ عقیدہ بلا شبہ شرکیہ عقیدہ ہے جس کا اقرارکسی مسلمان کے لئے جائز نہیں ہوسکتا‘‘۔
یہ فتویٰ دارالعلوم دیوبند سے جاری کیا گیا ہے جس کو کئی مفتیان نے صحیح قرارا دیا ہے۔اس فتویٰ کے مطابق ہندوستان میں ہر ایک کو مذہبی آزادی دی گئی ہے کسی فرقہ پرست کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ قانون کے خلاف کوئی کام کرےاور دوسروں پرزبردستی کرتے ہوئے غیر قانونی کام کرنے پر مجبور کرے۔بہر حال بھارت ماتا کہنے والوں کے نزدیک اس کے مفہوم میں وطن کی پرستش شامل ہے ۔اس لئے کسی مسلمان کے لئے یہ نعرہ لگانا صحیح نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی ہندوستان میں وندے ماترم کا مسئلہ اٹھا تھا جس کو تمام اسکولوں میں پڑھنا حکومت کی طرف سے لازم قرار دیا گیا تھا۔وندے ماترم کے بارے میں دارالعلوم دیوبند سے لکھا گیا تھا کہ ’’ہندوستان بلا شبہ ہمارا وطن ہے ہم اور ہمارے باپ دادا یہیں پیدا ہوئے ہیں،یہ ہمارا مادر وطن ہے ہم اس سے محبت کرتے ہیں لیکن ہم اس وطن کو اپنا معبود نہیں سمجھتے یعنی بھارت کی پوجا نہیں کرتے ۔مسلمان چونکہ ایک اللہ کے ہونے کا عقیدہ رکھتے ہیں اس لئے وہ خدا کے علاوہ کسی اور کی پوجا نہیں کرسکتے اس لئے مسلمانوں کو اس گیت سے مستثنیٰ رکھا جائے‘‘۔