عالمی برادری ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی: گوٹریس

01:55PM Sun 5 Jan, 2020

نیویارک: القدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکہ-ایران کشیدگی پر عالمی برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس ضمن میں یوروپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جہاں امریکی کارروائی کو خطہ کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا وہیں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس کا کہنا تھا کہ دنیا ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ، یوروپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکی اقدام کو خطہ کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا جس سے خطہ میں جارحیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ عالمی رہنماؤں نے فریقین سے تحمل برتنے اور پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔
اسی طرح ترک وزارت خارجہ نے امریکی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سلیمانی کے قتل سے خطہ میں جاری تناؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دنیا ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، روس اور چین نے بھی امریکی اقدام پر شدید نکتہ چینی کی ہے جب کہ شام، لبنان اور عراق بھی امریکہ کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔