مہاراشٹر: شیوسینا کو بڑا جھٹکا،پارٹی کے واحد مسلم لیڈر اور وزیرعبد الستار کے استعفیٰ کی خبر
01:23PM Sat 4 Jan, 2020
ممبئی۔ مہاراشٹر میں سیاسی بحران بڑھ گیا ہے اور وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کی شیوسینا کے واحد مسلم لیڈر اور وزیرمملکت عبد الستار نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کابینی وزیرنہ بنائے جانے کی وجہ سے استعفی دیا ہے۔ دراصل اسمبلی الیکشن سے چند ماہ قبل انہوں نے کانگریس سے علیحدگی اختیار کرکے شیوسینا کا دامن تھام لیا تھا۔ شیوسینا ذرائع نے فی الحال اس خبر پر کچھ نہیں کہا ہے۔ البتہ عبد الستار کے بیٹے سمیر نبی نے اورنگ آباد میں اس کی تردید کی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ وہ ایم ایل اے کی حیثیت سے بھی استعفیٰ دے سکتے ہیں اور اس سلسلہ میں اپنے معاونین سے مشورہ کر رہے ہیں اور اس کے بعد ہی فیصلہ کریں گے۔ عبد الستارکے استعفے کے سبب شیوسینا کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ یہ موجودہ حکومت کے ساتھ ساتھ شیوسینا کے لئے بھی ایک بڑا جھٹکا ہے۔
واضح رہے کہ حال میں 30 دسمبر کو ہی مہاوکاس اگھاڑی(ایم وی اے) کی قیادت میں ادھو ٹھاکرے کابینہ میں توسیع کی گئی تھی اور انہیں وزیرمملکت بنایا گیا تھا، لیکن اب تک قلمدان نہیں دیا گیا ہے۔