عوامی مسائل کو حل کرنے روشن بیگ کی آواز
03:09PM Tue 28 Feb, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز )وزیر برائے شہری ترقیات وحج آر روشن بیگ نے آج بتایاکہ عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے آن لائن ہیلپ لائن خدمات موجود ہیں، اسی طرح اگر ٹیلی فون کے ذریعہ بھی کوئی شکایت موصول ہوتو افسران کوچاہئے کہ وہ فوری طور پر انہیں حل کرنے کی کوشش کریں ۔ وکاس سودھا میں سٹی منیجرس اسوسی ایشن بلدی انتظامیہ ڈائرکٹوریٹ اور میونسپل ڈیٹا اسوسی ایشن کے اشتراک سے عوامی خدمات کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے بتایاکہ شہروں کی آبادی میں اضافہ کے پیش نظر فی الحال اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ شہروں کی آبادی 38 فیصد ہے، جو عنقریب 50 فیصد ہونے والی ہے، ایسے میں شہری علاقوں میں مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے وہاں پر مناسب بنیادی سہولیات فراہم کرنا بے حد ضروری ہے۔ وزیر برائے بلدی انتظامیہ ایشور کھنڈرے نے بتایاکہ آن لائن کے ذریعہ عوامی شکایات کی یکسوئی کیلئے خود ساختہ سافٹ ویر کے ذریعہ موبائیل ایپ جاری کیا گیا ہے۔ جو پورے ملک کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا ایپ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ آن لائن کے ذریعہ مسائل کے حل کیلئے ’’ جناہتا ‘‘ موبائل ایپ جاری کیاگیا ہے، جس کا دائرہ ریاست کے تمام بلدی اداروں تک وسیع رہے گا۔ جس کے ذریعہ عمارتوں کی تعمیر کے علاوہ تجارتی لائسنس ، ای پراپرٹی اور ڈیتھ وبرتھ سرٹی فکیٹ کیلئے آن لائن رجسٹریشن بھی کیا جاسکتاہے۔انہوں نے شہری علاقوں میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر بنیادی سہولیات پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلدی اداروں کو ایوارڈس بھی پیش کئے گئے۔ محکمۂ شہری ترقیات کے اڈیشنل چیف سکریٹری مہیندر جین ، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد اور محکمۂ شہری ترقیات کے سکریٹری جی پنو راجو کے علاوہ بلدی انتظامیہ ڈائرکٹوریٹ کے ڈائرکٹر وشال ، کرناٹکا اربن واٹر سپلائی وڈرینج بورڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر روی شنکر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔