وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا سے سریش کمار کی اپیل سیلون اور ڈنٹل کلینکس کھولنے کی اجازت دی جائے

04:35PM Fri 1 May, 2020

بنگلورو: یکم مئی،20 (ذرائع)کورونا وائرس سے بچنے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد سے چند ضروری خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ ان میں سے بعض انتہائی ضروری خدمات کی نشاندہی کرتے ہوئے ریاستی وزیر برائے تعلیم سریش کمار نے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا سے مانگ کی ہے کہ ریاست کے ان علاقوں میں جو کورونا وائرس کے کنٹین منٹ زون نہ ہوں، نائی کی دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے کورونا لاک ڈاؤن نافذ ہے، اس وقت سے بہت سارے لوگوں نے اپنے بال نہیں کٹوائے اور داڑھی بھی نہ بنوا سکے۔ اس وجہ سے ان کو کافی پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ اس کے علاوہ جن لوگو ں کو دانتوں میں تکلیف ہے ان کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لئے ڈینٹل کلینکس کو بھی کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے لئے یہ دو خدمات بہت ہی ضروری ہیں۔ اس کے لئے چند پابندیاں وضع کر کے ان کو جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ چونکہ ان دونوں پیشوں میں سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنا ممکن ہی نہیں، اس لئے حکومت کی طرف سے ان پر سختی سے پابندی لگائی گئی ہے۔تاہم سریش کمار نے وزیر اعلیٰ سے کہا ہے کہ چند سخت رہنما خطوط وضع کر کے سیلون اور ڈینٹل کلینک کو کھلا رکھنے کی اجازت دینے کے امکانات پر غور کیا جائے۔