ہبلی کی نئی کورٹ عمارت ملک بھر کے لئے مثالی۔جگدیش شٹر
01:13PM Sat 11 Aug, 2018
ہبلی۔11؍اگست (سالار) اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے کہا کہ ہبلی شہر میں افتتاح ہونے والی کورٹ کی عمارت سنٹرل اے سی سے لیس دیگر ممالک اور ریاستوں کے لئے مثالی ہے ۔ شہر کی مضافات میں ہوسور۔انکل روڈ پر تعمیر شدہ نئے کورٹ کامپلکس کاجائزہ لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شٹر نے اس خیال کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایاکہ 125؍ کروڑ کی لاگت سے تعمیر کردہ 5منزلہ عدالتی عمارت اے سی ہے ۔ ایک ہال بار اسوسی ایشن کو دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ عدالت کے سامنے 60فیٹ روڈ بنایا جائے گا۔ بعد میں سی آر ایف اسکیم کے تحت 80فیٹ روڈ بنانے پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ مخلوط حکومت ناکام ہوچکی ہے اور کمارسوامی کو انتظامیہ سنبھالنے میں دقت پیش آرہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کسانوں کے قرضہ معافی کے تعلق سے الجھن دور کرنے میں ناکام رہی ہے۔بیلگاوی کو دوسرا صدر مقام بنانے کے وزیراعلیٰ کے بیان پر شٹر نے کہا کہ بیلگاوی کے محکمہ کے سی ایف کو ہاسن کیوں منتقل کیا گیا۔اس موقع پر ہبلی وکلاء تنظیم کے صدر اے بی بلیگار، جنرل سکریٹری گرو ہیرے مٹھ، ضلع بی جے پی صدر ناگیش کلبرگی، روی نائک، مہندر کوتال و دیگر موجود رہے ۔