الیکشن کمیشن کی پاریکر کو ہدایت، مستقبل میں برتیں احتیاط
02:55PM Fri 17 Feb, 2017
نئی دہلی، (بھٹکلی نیوز)
مرکزی الیکشن کمیشن نے وزیر دفاع منوہر پاریکر سے مستقبل میں محتاط ہو کر بیان و تقریر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ گوا کے ایک انتخابی جلسہ عام میں پاریکر کے ایک متنازعہ بیان پر کمیشن نے ان سے کہا ہے کہ آپ کا بیان قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے۔آپ کو مشورہ ہے کہ مستقبل میں محتاط رہیں اور احتیاط برتیں۔ دراصل منوہر پاریکر پر الزام ہے کہ انہوں نے گوا اسمبلی انتخابی مہم کے دوران گزشتہ ماہ ووٹروں سے کہا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے پیسے لے لیں لیکن ووٹ بی جے پی کو ہی دیں۔کمیشن نے کہا کہ، تمام لیڈران، خاص طور پر وہ لیڈر جو آئینی عہدوں پر فائز ہیں ان سے انتخابی عمل اور اس کے قوانین پر عمل کی توقع کی جاتی ہے۔ ایسے لیڈروں کی جانب سے عوام کو انتخابات میں کسی سے بھی رشوت لینے کی بات کہنا کسی بھی طرح سے قابل قبول نہیں ہے اور یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ کمیشن نے پاریکر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مستقبل میں محتاط رہیں اور ایسا کرنے سے بچیں۔