انجمن حامئی مسلمین کے صد سالہ اجلاس کے لیے تیاریاں جاری؛ افتتاحی تقریب میں ریاستی وزیراعلیٰ ہوںگے شریک

04:25PM Sat 29 Dec, 2018

بھٹکل: 29 دسمبر، 18 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ’’انجمن حامئی مسلمین بھٹکل اپنے قیام کے سو سال مکمل کرنے پر انشاء اللہ جنوری کے مہینے سے صد سالہ جشن منائے گا جس کی افتتاحی تقریبات کا آغاز 3/جنوری سے ہوگا‘‘۔ اس کی اطلاع آج انجمن کے ایڈمنسٹریٹیو بلاک میں منعقد اخباری کانفرنس میں صدر انجمن جناب عبدالرحیم جوکاکو صاحب نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 3/جنوری کو انجمن گراؤنڈ سے دوپہر 2/بجے انجمن کی تعلیمی خدمات کی تشہیر پر مشتمل ایک شاندار و باوقار جلوس نکلے گا جو کہ شہر کی اہم شاہراہوں سے گزر کر اسلامیہ اینگلو اردو اسکول میدان میں ختم ہوگا۔ اس کی اہم افتتاحی تقریب 5/جنوری سنیچر کے روز صبح 9:00 بجے انجمن میدان میں منعقد ہوگا جس میں ریاستی وزیر اعلی ایچ ڈی کمار سوامی مہمان خصوصی ہوں گے۔ اعزازی مہمانان کے طور پر ریاستی کابینہ کے وزراء مسٹر آر وی دیش پانڈے، جناب یو ٹی قادر، جناب بی زیڈ ضمیر احمد خان، بھٹکل رکن اسمبلی مسٹر سنیل نائک، سرسی کے رکن اسمبلی مسٹر وشویشور ہیگڈے کاگیری اور سابق ایم ایل اے مسٹر منکال ویدیا شریک ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس افتتاحی تقریب کا افتتاح مشہور ماہر تعلیم مولانا غلام احمد وستانوی کے ہاتھوں ہوگا۔ اسی دن شام میں 08:30 بجے انجمن میدان میں کالج اور اسکولوں کے طلبہ کی جانب سے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ 6/جنوری کو صبح 09:00 بجے مستورات کے لیے خصوصی پروگرام ہوگا جس میں مشہور و معروف ماہر خواتین خطاب کریں گی اور انجمن کے مختلف اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات اس میں ثقافتی پروگرامات پیش کریں گی۔ جبکہ اسی رات 08:30 بجے نوائط محفل کی جانب ثقافتی و تفریحی پروگرامات پیش ہوں گے۔ انجمن حامئی مسلمین کے صدر و سکریٹری اور کنوینر صد سالہ تقریبات کمیٹی نے ان پروگرامات میں شریک ہونے کی گزارش کی ہے۔ اس اخباری کانفرنس میں جنرل سکریٹری انجمن جناب اسماعیل صدیق صاحب، ایڈیشنل جنرل سکریٹری جناب اسحاق شابندری صاحب، کنوینر انجمن صد سالہ تقریبات جناب عبدالرقیب ایم جے صاحب، میڈیا کمیٹی کنوینر جناب محسن شابندری صاحب اور دیگر حضرات موجود تھے۔