بی ایم اے جدہ کے زیر اہتمام شاندار عید ملن پروگرام
05:30AM Sun 11 Aug, 2013
بی ایم اے جدہ کے زیر اہتمام شاندار عید ملن پروگرام
بھٹکلیس نیوز 10 اگست،13
جدہ / (موصولہ رپورٹ) بھٹکل مسلم ایسوسی ایشن جدہ کے زیر اہتمام عیدالفطر کی شب حرم کے نزدیک ہوٹل ٹرائڈنٹ میں ایک شاندار عید ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تقریب کا آغاز فواز عبد الرشید مصباح کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ جنرل سکریٹری جناب قمر سعدا کی طرف سے کلمات استقبالیہ کے بعد مولوی اسامہ منیری نے نعت پاک پیش کی ۔ اس موقع پر مولانا انصار صاحب مدنی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں جیسے ہم اللہ کو ڈر کر اس کی عبادت کررہے تھے ویسے ہی ہم رمضان کے بعد بھی اس پر جمے رہیں ۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے جناب زاہد رکن الدین صاحب نے سبھوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکلی احباب کو باہم ملانے اور ممتاز طلبہ کی ہمت افزائی کرنے کے لئے یہ عید ملن کی تقریب منعقد کی گئی ہے ۔ موصوف نے اس موقع پر چند بھٹکلی نوجوانوں کے غیرقانونی حرکات کے باعث بھٹکل کی بدنامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بڑے بھٹکل کا نام روشن کررہے ہیں لیکن بعض نوجوانوں کی حرکات کے باعث ہمارا نام بدنام ہورہا ہے ، اس کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہئے ۔اس کے علاوہ اس موقع پر اور ایک مہمان خصوصی جناب عبداللہ دامودی صاحب نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے ۔
اس سیشن میں پہلی کلاس سے ڈگری تک کے ممتاز طلبہ کو تہنیت پیش کرتے ہوئے انکے اعزاز میں میمنٹو اور اسناد بھی پیش کی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق دسویں کلاس میں 95/ فیصد نمبرات حاصل کرنے والی طالبہ فارھہ بنت شعیب محتشم ، بارہویں میں 92/فیصد نمبرات حاصل کرنے والی طالبہ فاطمہ اسریٰ بنت ارشاد محتشم اور بی بی اے فائنل میں 88/فیصد نمبرات حاصل کرنے والی طالبہ منال بنت یاسین عسکری کو تہنیت پیش کی گئی ۔
عید ملن تقریب کا دوسرا سیشن تفریحی پروگرامات پر مشتمل تھا اس میں ڈرامے ، ترانے ، مکالمے اور دیگر تفریحی پروگرامات پیش کئے گئے ۔ اس میں ایک مہینے پہلے ہی دئیے گئے کوئز مقابلے میں اول دوم آنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا ۔ کوئز مقابلے میں اول انعام مولوی اسامہ منیری اور دوم انعام شریف اکرمی صاحب نے حاصل کیا ۔ اس میں اول آنے والوں کے لئے 10/گرام سونا اور دوم آنے والے کے لئے 8/گرام سونا انعام میں دیا گیا ۔ اس تقریب میں ریفل ڈراء اور لائیو نائطی کوئز کا بھی اہتمام کیا گیاتھا ۔ خیال رہے کہ اس سال جدہ میں مقیم بھٹکلی عورتوں کی طرف سے عورتوں کے لئے الگ اسٹیج پروگرام منعقد کیا گیا تھا ۔
اجلاس کا اختتام کنوینر اجلاس جناب حبیب اللہ محتشم صاحب کے شکریہ کلمات پر ہوا۔