ممتا زفلم ساز مہیش بھٹ نے سرسید مضمون نویسی مقابلہ کے پوسٹر کا اجراء کیا

02:19PM Sat 26 Aug, 2017

علی گڑھ موومینٹ سرسید کے خوابوں کو تعبیر سے ہمکنار کرنے میں مصروفِ عمل رہے گا :ڈاکٹر جسیم محمد علی گڑھ؍ممبئی25؍اگست: (راست) ممتاز فلم ساز و ہدایت کار مسٹر مہیش بھٹ نے ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے زیرِ اہتمام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کی دو صد سالہ یومِ پیدائش تقریبات کے تحت منعقد کئے جانے والے’’ سرسید مضمون نویسی مقابلہ‘‘ کے پوسٹر کا ممبئی میں اجراء کرنے کے ساتھ مقابلہ کے فاتحین کو پیش کی جانے والی اسناد پر اپنے دستخط بھی ثبت کئے۔ ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے مدیرِ اعلیٰ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے دو رکنی وفد نے ممبئی میں ممتاز فلم ساز و ہدایت کار مسٹر مہیش بھٹ سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر مہیش بھٹ نے ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے زیرِ اہتمام24؍ستمبر2017 کو’’ جدید ہندوستان کی تعمیر میں سرسید احمد خاں کا کردار‘‘ موضوع پر منعقد کئے جانے والے سر سید مضمون نویسی مقابلہ۔2017کے پوسٹر کا اجراء کیا۔ پوسٹر کا اجراء کرتے ہوئے مسٹر مہیش بھٹ نے ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے سرسید مضمون نویسی مقابلہ کے عمل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ نوجوان نسل کو سرسید کی حیات و خدمات سے روشناس کراکر سرسید فہمی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقعہ پر مسٹر مہیش بھٹ نے سرسید مضمون نویسی مقابلہ کے فاتحین کو14؍اکتوبر2017کو پیش کی جانے والی اسناد پر اپنے دستخط بھی ثبت کئے۔ مسٹر بھٹ نے ڈاکٹر جسیم محمد کی سرسید کے خوابوں کو تعبیر سے ہمکنار کئے جانے والی کوششوں کو دل کھول کر سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے مسٹر مہیش بھٹ کو بتایا کہ ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ نے سرسید کی سائنسی فکر اور آزاد خیالات کی تشہیر و ترویج کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے اور وہ سرسید کے خوابوں کو تعبیر سے ہمکنار کرنے کے لئے مصروفِ عمل رہے گا۔ ماہنامہ دا علی گڑھ موومینٹ کے مذکورہ وفد میں مسٹر این جمال انصاری بھی شامل تھے۔