بھارت کثیر المذاہب کا ملک ہے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا ؛راج ناتھ سنگھ
03:09PM Sun 26 Feb, 2017
نئی دہلی۔(بھٹکلیس نیوز)وزیر داخلہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے مسلمانوں کو اتر پردیش میں ٹکٹ نہ دے کر غلطی کی ۔بھارت کثیر مذاہب کا ماننے والا ملک ہے ،سب کو ساتھ لے کر آگے چلنا ہو گا ۔ وزیر داخلہ کے بیان پر مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں نے ملا جلا ردعمل اظہار کیا ۔ذرائع کے مطابق اتر پردیش میں چناوی جلسے کے حاشہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے جانب سے پوچھے گئے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتر پردیش میں مسلمان امیدواروں کو ٹکٹ نہ دے کر بہت بڑی غلطی کی ۔وزیر داخلہ نے ریاست اتر پردیش میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اقلیتی طبقہ سے وابستہ لوگ بھی بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ جڑ جا تے تو صورتحالہ مزید بہتر ہو سکتی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو اتر پردیش میں تعمیر و ترقی کے کام کرنے میں آسانی ہو تی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت کثیر مذاہب کا ماننے والا ملک ہے ،سب کو ساتھ لے کرچلنا ہو گا تب ہی ملک میں اندرونی چلینجوں کا آسانی کے ساتھ مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔ وزیر داخلہ کے بیان پر مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دیر سے ہی صیح بھارتیہ جنتا پارٹی کو بھی ملک میں مسلمانوں کی اہمیت کا احساس ہوا ۔ اتر پردیش میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے مسلمانوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور مسلمانوں کو مشکوک نظروں سے دیکھا جا رہا ہے ۔ سیاسی اور سماجی تنظیموں کے قائدین نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ ملک میں مسلمانوں کو ان کا حق دلانے کیلئے وہ اپنے عہدے کا استعمال کریں اور جو نا انصافی مسلمانوں کے ساتھ ہو رہی ہیں اسے دور کرنے کیلئے بھی اپنی خدمات انجام دیں تاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے دورِ اقتدار کو بھی سنہری حرفوں سے لکھا جائیں ۔