ضمنی انتخابات کے بعد ریاست کی مخلوط حکومت کا خاتمہ۔ سدانندگوڈا
12:29PM Sat 27 Oct, 2018
رام نگرم ۔ 27؍ اکتوبر( سالارنیوز) رام نگرم اور جمکھنڈی اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی امیدواروں کی جیت یقینی ہے۔ ریاست میں جاری ضمنی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعدریاستی مخلوط حکومت گر جائے گی۔ یہ بات مرکزی وزیر ڈی وی سدانند گوڈا نے کہی۔ انہوں نے یہاں شہر کے ارکیشور کالونی میں سابق صدر بلدیہ پی روی کمار کی رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی مخلوط حکومت کے خاتمہ کے بعد ریاست میں بی ایس ایڈی یورپا قیادت والی بی جے پی حکومت اقتدار پر آئے گی۔ اور ریاست کی سیاست میں نئے باب کا آغاز ہوگا۔ پھر سے آپریشن کنول شروع کئے جانے کے بارے میں اخباری نمائندوں کی طرف سے کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے سدانند گوڈا نے کہا کہ آپریشن کنول کی کوئی ضرورت نہیں ہے دونوں پارٹیاں خود آپریشن کرلیں گی اور اپنے آپ الگ ہوجائیں گی۔ سدانند گوڈا نے کہا کہ ریاست میں ہورہے ضمنی انتخابات آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتخابات مقامی معاملوں کی بنیاد پر منعقد ہوں گے اور لوک سبھا کے عام انتخابات قومی سطح کے معاملوں پر ہوں گے۔ ریاست کے ضمنی انتخابات کے نتائج سے ریاست میں بڑے پیمانے پر سیاسی تبدیلیاں آئیں گی۔ رام نگرم کی سیاست پر خاندانی سیاست کا لیبل تھا مگراس ضمنی انتخابات میں حالات بدل چکے ہیں اور خاندانی سیاست کاکچھ نہیں چلے گا۔ اس موقع پر ریاستی قانون ساز کونسل کے سابق رکن اشوتھ نارائن ، سٹی منسپل کونسل کے سابق صدر پی روی کمار، بی جے پی کے ریاستی سکریٹری منی راجو گوڈا، ضلعی صدر ایم ردریش ، تعلقہ صدر پراوین گوڈا کے علاوہ بی جے پی امیدوار ایل چندرشیکھر حاضرتھے۔