بلدیاتی و پنچایتی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ مجبوراً کرنا پڑا: عمر عبداللہ

12:59PM Sat 22 Sep, 2018

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ ہمیں بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ مجبوراً کرنا پڑا۔ بقول عمر عبداللہ ’مرکز کو اپنی بات سنانے کا اور کوئی راستہ باقی نہیں رہ گیا تھا‘۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے اپنے دورہ لداخ کے دوران نوبرہ میں پنامک اور سومر میں پارٹی عہدیداروں کے الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’دفعہ 35 اے کے ساتھ سب کچھ جڑا ہو ا ہے، ہم نے پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہمارے پاس اب مرکز کو اپنی بات سنانے کا اور کوئی طریقہ باقی نہیں رہ گیا تھا۔ ہم نے مرکز کو سمجھانے کا ہر ایک طریقہ اختیار کیا لیکن نئی دلی نے سب کچھ ان دیکھا اور ان سنا کردیا۔ انتخابات سے دور رہنے کا فیصلہ ہمارے لئے آسان نہیں تھا، ہمیں مجبوراً ایسا کرنا پڑا۔ کیونکہ ہم ریاست کو درپیش خطرات کو بخوبی پہچانتے ہیں اور ان خطروں (دفعہ 35 اے) کے بارے میں ہم نے لوگوں میں جانکاری مہم چلائی۔ آپ کو بھی سمجھایا اور ہم اُمید کرتے ہیں آپ بھی یہ مہم آگے لے جائیں گے اور اس خطرے سے ریاست کو بچانے میں اپنا رول نبھائیں گے‘۔