بجٹ میں نئے راشن کارڈوں کی فراہمی کا اعلان متوقع: دنیش گنڈو را
12:30PM Fri 6 Feb, 2015
بھٹکلیس نیوز،6فروری،15
بنگلورو(ایجنسی) وزیر برائے شہری رسد وخوراک دنیش گنڈو راؤ نے آج اعلان کیا کہ ریاست میں نئے راشن کارڈوں کی فراہمی کیلئے دوبارہ درخواستوں کا عمل شروع کرنے کے متعلق وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے بجٹ میں اعلان متوقع ہے۔ آج اسمبلی میں بی جے پی رکن وی سنیل کمار کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کے راشن کارڈ مختلف وجوہات کے سبب منسوخ کئے جاچکے ہیں وہ بھی نئے راشن کارڈ کیلئے دوبارہ درخواست کرسکتے ہیں۔ ریاست میں سدرامیا کی قیادت والی حکومت کے قیام کے بعد سے اب تک 1.6 لاکھ نئے راشن کارڈ مہیا کرائے جاچکے ہیں۔ ماہانہ تین تا چار ہزار راشن کارڈوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ فرضی راشن کارڈوں پر روک لگانے کا سلسلہ بھی حکومت کی طرف سے تیزی سے چلایا جارہاہے۔ ساتھ ہی یہ بھی یقینی بنایا جارہا ہے کہ اس مہم کی آڑ میں مستحقین کو ہراساں نہ کیا جائے۔ دنیش گنڈو راؤ نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ آنے والے گرام پنچایت انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت دوبارہ راشن کارڈوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع کررہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ ہر علاقہ میں راشن کی دکان کھولنے کی اجازت اسی صورت میں دی جائے گی، اگر 500 سے زائد راشن کارڈ ہولڈرس وہاں موجود ہوں۔ اس موقع پر اسپیکر کاگوڈ تمپا نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے خود کہاتھاکہ ریاست کے ہر شہری کو راشن کارڈ فراہم کیا جائے گا۔اسی لئے ریاست کی آبادی کے تناسب سے راشن کی دکانیں کھولنے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔
ع،ح،خ