اتر کینرا میں آج کورونا کے دو نئے معاملے: کاروار اور ڈانڈیلی میں ایک ایک مریض کی تصدیق

02:41PM Sat 30 May, 2020

کاروار: 30 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کینرا میں پچھلے کچھ دنوں کے وقفہ کے بعد آج پھر کورونا کے دو معاملے سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہیلتھ بلٹین کے مطابق ریاست میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 141 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس میں سے دو اتر کینرا کے معاملے بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتر کینرا ضلع میں کارار کی  48 سالہ خاتون اور ڈانڈیلی کا 38سالہ الیکٹریشن اس مرض کا شکار ہوگئے ہیں۔ خاتون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ مہاراشٹرا سے  اپنی بیٹی کے ساتھ لوٹی تھی اور ایک ہوٹل میں کورنٹائن تھی تاہم مرد کے بارے میں سفری معلومات نہیں ملی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شخص بخار وغیرہ کی علامت پائے جانے کی وجہ سے اسپتال پہنچا تھا جہاں اس کے تھوک کے سیمپل لے کر اسے گھر بھیج دیا گیا تھا لیکن آج کی رپورٹ میں اسے کورونا ہونے کی تصدیق کے بعد ہلچل مچ گئی ہے۔ واضح رہے کہ آج بینگلور میں 33، یادگیر میں 18، دکشن کینرا میں 14، اڈپی اور ہاسن میں 13، وجئے پورا میں 11، بیدر میں 10، شیموگہ میں 6 اور دیگر مقامات پر ایک دو پائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 2922 کو پہنچ گئی ہے جبکہ  اس میں سے 997 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور 49 افراد کی موت بھی ہوچکی ہے۔