مہاراشٹر: ایک لاکھ روپے کی پیاز چوری، نامعلوم لوگوں پر ہوا مقدمہ
11:55AM Tue 24 Sep, 2019
پیاز کی قیمت آسمان چھو رہی ہے اور اسی درمیان مہاراشٹر کے ناسک میں پیاز چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ خبروں کے مطابق ناسک کے ایک کسان نے پولس میں شکایت کی ہے کہ اس کے گودام سے تقریباً ایک لاکھ روپے قیمت کی پیاز چوری ہو گئی ہے۔ پولس انسپکٹر پرمود واگھ نے منگل کے روز اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ کسان راہل باجی راؤ پگار نے پیر کے روز پیاز چوری کی شکایت درج کرائی۔ کسان کا کہنا ہے کہ کلون تعلقہ میں اپنے گودام میں اس نے گرمی کے اسٹاک کی شکل میں 25 ٹن پیاز کو 117 پلاسٹک کریٹوں میں بھر کر رکھا تھا۔ لیکن اتوار کی شام اسے پتہ چلا کہ ایک لاکھ روپے قیمت کا پورا پیاج ذخیرہ سے غائب ہے۔
پولس انسپکٹر کا کہنا ہے کہ چوری کی شکایت درج کر لی گئی ہے اور اب اس پیاز کو مقامی بازار اور پڑوسی ریاست گجرات میں تلاش کیا جا رہا ہے۔ نئی دہلی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں پیاز 70 سے 80 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ پیاز کی پیداوار والی اہم ریاستوں میں معمول سے زیادہ بارش کے سبب پیاز کی قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پیاز چوری کا واقعہ گزشتہ دنوں پٹنہ میں بھی پیش آیا تھا۔ پٹنہ کے فتوحہ تھانہ حلقہ میں ہفتہ کی شب سونارو-رال پور سڑک کے کنارے پیاز گودام سے تقریباً 8 لاکھ روپے قیمت کی تقریباً 325 بوری پیاز شاطروں نے چرا لی۔ گودام مالک نے نامعلوم لوگوں کے خلاف فتوحہ تھانہ میں ایک ایف آئی آر درج کرائی ہے۔