آگمبے گھاٹ روڈ پرگاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی منگلورو اور کیرلا جانے والے راستے بند کردئے گئے
12:56PM Fri 24 Aug, 2018
شیموگہ:24؍اگست (سالارنیوز) شیموگہ کے ڈپٹی کمشنر کے اس اعلان کے بعد کہ تیرتھلی کنداپور سے گزرنے والے ہائی وے پر بڑی گاڑیوں کی آمد ورفت پر پابندی لگادی گئی ہے منگلور اور کیرلا جانے والی تمام گاڑیوں کے راستوں کو بند کردیا گیا ہے۔ شردی اور چرماڈی گھاٹوں پر ہیوی وھیکلس پر پابندی کے بعد ریاستی شاہراہ52- جو تیرتہلی اور کنداپور سے گزرتی ہے گاڑیوں کی آمد ورفت بالکل کم ہوگئی ہے۔ منگلورو، کیرلااور دیگر ساحلی علاقوں کو سامان لے جانے والے ٹرکوں اور دیگر گاڑیوں کو شردی گھاٹ ، چرماڈی گھاٹ والی سڑکوں اور سمپنگی گھاٹ سے گزرنا پڑتا ہے جہاں اب حالات انتہائی ابتر ہیں اورگاڑیوں کا بحفاظت گزرنا مشکل ہے کیونکہ سیلاب کی وجہ سے یہ علاقے بری طرح متاثر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے اے دیانندا نے بتایا کہ شدید بارش کی وجہ سے ہلی کلی علاقہ میں صورت حال خراب ہے۔ سڑکیں مسلسل بارش کی وجہ سے تباہ ہوچکی ہیں اور اب گاڑیوں کی آمد ورفت میں اضافہ کی وجہ سے پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔ ان راستوں سے سازو سامان لے جانے والی گاڑیوں اور مسافر گاڑیوں کا گزرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ڈی سی نے مزید بتایا کہ شیموگہ میں سیلاب زدہ صورت حال اور ہلی کل گھاٹ کے علاقہ میں زبردست بارش کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت پرپابندی لگادی گئی ہے۔ کیرلا اور منگلورو سے آنے والی گاڑیاں اب کنداپور۔باجے گولی۔ کارکلا۔ کوچہ، این آر پورہ، ہوسانگر ، سرینگیری، تیرتہلی کراسنگ ، بالے بیرے گھاٹ (ہلی کل) سے گزرتے ہوئے بنگلور، داونگرے اور ہاسن کی طرف جاری ہیں۔ اسی طرح منگلورو۔ اڈپی کدرے لکھ، دکشن کنڑا سرحد، سرینگری، تیرتہلی روٹ سے جانے والی گاڑیاں آگمبے گھاٹ سے گزر کر داونگرے جارہی ہیں۔