فاروق عبداللہ نے کہا، ہندوستان سے رشتے بہتر بنانے والے بیان پر عمران خان کریں عمل

12:17PM Fri 27 Jul, 2018

پاکستان میں ہوئے عام انتخابات میں تحریک انصاف پارٹی کی سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھرنے کے بعد عمران خان کا وزیر اعظم بننا تقریبا طے ہو گیا ہے۔ پاکستان میں تحریک انصاف پارٹی کی غیر متوقع جیت پر نیشنل کانفرنس کے صدر اور جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔ فاروق عبداللہ نے میڈیا کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ عمران خان کا ہندوستان کے ساتھ رشتے بہتر کر کے تنازع سلجھانے والا بیان ان کی ذہانت کو ظاہر کرتا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے ہندوستان کے ساتھ رشتے بہتر کرنے کے سلسلہ میں جو بیان دیا ہے اس پر عمل بھی کیا جائے۔
بتا دیں کہ عمران خان نے اس سے پہلے بیان دیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے بھارت اور پاکستان کو ساتھ آنا چاہئے۔ اگر الزام لگانے کا دور چلتا رہا تو کہیں پہنچنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا، '' بھارت ہم آپ کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ آپ ایک قدم آگے آئیے ہم بھی آگے آئیں گے۔ اگر فوج شہروں میں جائے گی تو اس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی۔ '' عمران خان نے بھارتی میڈیا پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے انہیں پروجیکٹ کیا گیا اس سے لگا کہ میں بالی ووڈ فلموں کا ولن ہوں۔ میں ان پاکستانیوں میں سے ہوں جو ہندوستان سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔