کوشلیا کرناٹک فارمس داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کے لئے یوتھ قائد ایا ن خضر خان کی نمائندگی 

04:59PM Thu 1 Jun, 2017

بیدر۔(بھٹکلیس نیوز) کل شب بلدیہ بیدر کے دفتر پر بیروزگار مسلم نوجوانوں کی کافی بڑی تعداد نے جمع ہوکریوتھ قائد ایا ن خضر خان کی قیادت میں احتجاج منظم کرتے ہوئے بتایاکہ کوشلیا کرناٹک نامی اسکیم کی آخری تاریخ 31مئی 2017بتائی گئی ہے لیکن دفتر بلدیہ بیدرپر پہنچنے پر معلوم ہواکہ دفتر مقفل کردیاگیاہے۔کاروبار سے منسلک نوجوان اپنے کاروبار ختم کرکے رات دیر گئے دفتر بلدیہ پہنچے تھے کیونکہ ان کے دوستوں کواس سے قبل دفتر کے اہلکاروں نے بتایاتھاکہ رات 12بجے تک فارم حاصل کئے جائیں گے۔ لیکن دفتر10:30بجے رات ہی بندہوگیاتھا۔ ایسے وقت میں یوتھ قائد ایان خضر خان کومسلم نوجوانوں نے ٹیلی فون کرناشروع کردیا۔جس پرانہوں نے اپنے ساتھیوں محمداسلم خان ، شیخ جنید ، محمدامان ، اظہر ریحان ، اور دیگر کے ساتھ پہنچ کر کمشنر بلدیہ سے ٹیلی فون پر بات کی۔ کمشنر بلدیہ نے یوتھ قائد ایان خضر کی نمائندگی قبول کرتے ہوئے ٹیلی فون ہی پربتایاکہ’’ کوشلیا کرناٹک اسکیم کے لئے یکم جون یعنی ایک دن کے لئے تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے فارم حاصل کئے جائیں گے۔ بلالحاظ طبقات اور مذہب 18تا35سال کے ان پڑھ اور تعلیم یافتہ نوجوان کوشلیا کرناٹک اسکیم کے تحت اپنی درخواست داخل کرکے استفادہ کرسکتے ہیں‘‘۔ ایان خضر خان کی اس نمائندگی پر مسلم نوجوانوں نے ان سے اظہار تشکرکیاہے۔