سپریم کورٹ میں کنہیا کمار کے خلاف ملک غداری سے متعلق سماعت ملتوی

04:28PM Mon 10 Feb, 2020

نئی دہلی : جواہر لعل نہرویونیورسٹی (جےاین یو)طلبایونین کے سابق صدر کنہیاکمار اور عمر خالد سے جڑے ملک سے غداری کے معاملہ میں دہلی حکومت کے لیے گائڈلائن جاری کرنے سے متعلق عرضی پر سپریم کورٹ میں پیر کے روز سماعت ملتوی ہوگئی۔
 چیف جسٹس ایس اے بوبڈے ،جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس سوریہ کانت کی ڈویژن بنچ نے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )کےلیڈر نند کشور گرگ کی عرضی پر سماعت ملتوی کردی ۔عدالت نے حالانکہ ابھی نئی تاریخ مقررنہیں کی ہے ۔عرضی میں دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ کو عدالت عظمی میں چیلنج کیاگیاہے۔
 دہلی ہائی کورٹ نے عرضی خارج کرتے ہوئے کہاتھا کہ اس معاملہ میں پہلے سے ہی گائڈلائن دی ہوئی ہے ،ایسے میں نئی گائڈلائن جاری کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ ہائی کورٹ نے عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہاتھا، ’’ہمیں کوئی وجہ نظر نہیں آئی کہ اس معاملہ میں اعلی اختیار والی کمیٹی تشکیل دی جائے ۔‘‘ ہائی کورٹ نے کہاتھا کہ جہاں تک جے این یو میں ملک سے غداری کے معاملہ میں مقدمہ چلانے کے لیے منظوری دینے کاسوال ہے،حکومت خود ہی قاعدہ قانون کے حساب سے کام کرنے کی اہل ہے۔