مرکز میں یو پی اے حکومت دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔سدارامیا

03:09PM Sat 6 Apr, 2019

کوپل -6؍اپریل (سالار نیوز) سابق وزیراعلیٰ سدارامیا نے پیش گوئی کی کہ مرکز میں یو پی اے برسراقتدار آئے گی۔ یہاں عوامی میدان میں منعقد کانگریس پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سدارامیا نے یہ پیش گوئی کی اور کہاکہ مرکز میں مودی قیادت والی حکومت کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کل جماعتی وفد جب دہلی روانہ ہوا تو بی جے پی رہنماؤں نے اس سلسلہ میں وزیراعظم سے کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے سابق نائب وزیراعلیٰ و بی جے پی رہنما کے ایس ایشورپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کے 28پارلیمانی حلقوں میں بی جے پی نے کسی پسماندہ طبقہ کے فرد کو امیدوار نہیں بنایا جبکہ ایشورپا سماجی انصاف کی بات کرتے ہیں ۔ انہوں نے کانگریس کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے پر بتایا کہ ہر خاندان کو سالانہ 72ہزار روپئے ادا کرنے کاکام منظم طریقہ سے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بی شری راملو کو کانگریس کاانتخابی منشور سمجھ میں نہیں آیا ہے۔کے پی سی سی صدر دنیش گنڈوراؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے وعدہ کیاتھا کہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد بیرونی ممالک سے کالا دھن واپس لائیں گے لیکن اب اس سلسلہ میں بات ہی نہیں کررہے ہیں ۔ سابق وزیررائے ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ ملک کی اقتصادی حالت کو کمزور کیا۔سابق مرکزی وزیر سی ایم ابراہیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال میں مودی حکومت نے کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا۔ انہوں نے دلتوں کو بی جے پی سے باہر آنے کی آواز دی۔سابق وزیر شیوراج تنگڈگی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی صرف جھوٹ کے سہارے حکمرانی کی۔ اس موقع پر ریاستی وزراء تکا رام،امرے گوڈابیاپور، سابق رکن پارلیمان شیومے گوڈا، ویروپاکشپا ، اقبال انصاری، کوپل پارلیمانی حلقہ کے امیدوار راج شیکھر ہٹنال، بسواراج ہٹنال و دیگر حاضر رہے ۔