بڑی خبر: ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ پر تعینات مزید تین پولیس اہلکار کورونا سےمتاثر
04:41PM Sat 2 May, 2020
ممبئی: مہاراشٹر کے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ماتوشری کے باہر تعینات مزید تین پولیس اہلکارکورونا وائرس (کووڈ۔19) سے متاثر پائے گئے ہیں۔ سنیچر کو جاری رپورٹ میں یہ اطلاع دی گئی۔ تینوں پولیس اہلکاروں کو یہاں سانتاکروز میں ایک ہوٹل میں کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ اپریل مہینہ میں ماتوشری میں تعینات پولیس اہلکاروں کو چائے دینے والے ایک دکاندار کے کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد وہاں تعینات 130سیکورٹی گارڈوں کو کورینٹائن میں بھیج دیا گیا تھا۔
گزشتہ 19اپریل کو وزیراعلی کی سرکاری رہائش گاہ پر بارش میں تعینات ایک اسسٹنٹ انسپکٹر کے کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد اس کے رابطہ میں آنے والی 9خواتین پولیس اہلکاروں کو کورینٹائن میں بھیجا گیا تھا۔ اس درمیان اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر دیوندر فڑنویس کی سرکاری رہائش گاہ پر تعینات ایک پولیس کانسٹبل بھی کورنا متاثر پایا گیا ہے۔
اس سے قبل مہاراشٹر کی ادھو حکومت نے عوام سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے سبھی ریاست کے لوگوں کا حکومت کی طرف سے فری اور کیش لیس ہیلتھ کور دینےکا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر سبھی لوگوں کو فری ہیلتھ کور دینے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ راجیش ٹوپے نےکہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کےلئے ادھو ٹھاکرے ریاستی حکومت کے سبھی لوگوں کو فری اور کیش ہیلتھ کیئر کور اسکیم سے جوڑے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لئے جنرل انشورنس پبلک سیکٹر ایسوسی ایشن (GIPSA) کے ساتھ میمورنڈم آف انڈر اسٹینڈنگ (MoU) سائن کئےگئے ہیں۔ اس کے تحت پنے اور ممبئی کے پرائیویٹ اسپتالوں میں کووڈ-19 کے مریضوں کا علاج کیا جاسکےگا۔
قابل ذکر ہے کہ پورے ملک میں مہاراشٹر کورونا وائرس (Covid-19 Pandemic) کا سب سے زیادہ قہر جھیل رہا ہے۔ یہاں متاثرین کی تعداد 11 ہزار سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔ ریاست میں اب تک کورونا کے 11,506 معاملے آئے ہہں، ان میں 9,142 ایکٹیو کیس ہیں۔ کورونا سے اب تک 485 مریضوں کی موت بھی ہوگئی ہے۔ مہاراشٹر میں لاک ڈاون پر پوری طرح سے عمل کیا جارہا ہے۔ یہاں کے کئی شہر ہاٹ اسپاٹ بنے ہوئے ہیں اور سیکورٹی اہلکار ان کی سخت نگرانی کررہے ہیں۔