سنگاپور: بیٹ مین بن سپرمین کو چوری کے جرم میں جیل کی سزا
04:27PM Tue 12 Nov, 2013
سنگاپور: بیٹ مین بن سپرمین کو چوری کے جرم میں جیل کی سزا
بھٹکلیس نیوز / 12 نومبر، 13
سنگاپور / (العربیہ) سنگاپور میں سپرہیرو کے نام کے ہم آواز نام کے حامل ایک شخص نے سوشل میڈیا پر شہرت پانے کے بعد اب بدنامی مول لی ہے اور اسے چوری کے جرم میں جیل جانا پڑ گیا ہے۔یوں وہ ہیرو سے زیرو ہوگیا ہے۔
سنگاپور کی ایک عدالت نے سوموار کو بیٹ مین ولد سپرمین کو نقب زنی اور منشیات استعمال کرنے سمیت مختلف جرائم میں قصور وار قرار دے کر قریباً پونے تین سال جیل کی سزا سنائی ہے۔ اس بتیس سالہ بے روزگار نوجوان کو 19 اگست کو رات کے وقت ایک اسٹور میں دومرتبہ نقب زنی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس کی گرفتاری سکیورٹی مقاصد کے لیے لگے کیمروں کی مدد سے ہوئی تھی۔اس پر اپنے سگے بھائی کا اے ٹی ایم کارڈ (آٹومیٹڈ ٹیلر مشین کارڈ)چُرانے کا بھی الزام تھا۔اس نے یہ کارڈ چُرا کر بھائی کے اکاؤنٹ سے 650 ڈالرز کی رقم نکلوا لی تھی اور اس سے ہیروئن خرید کر پی گیا تھا۔
عدالت نے بیٹ مین کو مجموعی طور پر33 ماہ ( دوسال سات ماہ) قید کی سزا سنائی ہے۔اس نے کچھ عرصہ قبل سماجی روابط کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنے شناختی کارڈ کی تصویر پوسٹ کر کے سنسنی پھِیلا دی تھی۔اس نے ''بیٹ مین بن سپرمین فین کلب'' کے نام سے صفحہ بنایا تھا اور اس کو کم سے کم گیارہ ہزار لوگوں نے پسند کیا تھا۔