ڈی ایس پی ویلنٹائن ڈیسوزا کو صدارتی میڈل ملنے پر مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے تہنیت

12:04PM Sun 1 Sep, 2019

بھٹکل: یکم ستمبر،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی مسٹر ویلنٹائن ڈی سوزا کی بہترین خدمات کے عوض انہیں صدارتی میڈل ملنے پر سنیچر کی رات مجلس اصلاح و تنظیم نے ان کی تہنیت کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ مجلس اصلاح تنظیم میں منعقد اس تہنیتی پروگرام میں ڈی ایس پی ویلنٹائن ڈیسوزا نے اس عزت افزائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مقام پر امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے وہاں کے عوام کا تعاون بہت ضروری ہے، ڈی ایس پی نے کہا کہ بھٹکل میں انہیں مجلس اصلاح و تنظیم کے ذریعہ عوام کا بہت تعاون حاصل ہوا  ہےجس کی وجہ سے وہ یہاں اب تک  بہت سی خدمات انجام دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر شہر میں ہورہے سڑک حادثات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کم عمر کے بچوں کو گاڑیاں دینے  سےہمیشہ احتراز کیا جائے کیوں کہ اکثر حادثات ان کی لاپرواہی کی وجہ سے پیش آتے ہیں جس کا خمیازہ سامنے والے کو بھگتنا پڑتا ہے۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری جناب ایم جے عبدالرقیب ایم جے  اور صدر تنظیم جناب ایس ایم پرویز کے ہاتھوں مہمانوں کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔ مسٹر ڈیسوزا کو اس موقع پر ایک ٹرافی بھی دی گئی۔ نائب صدورجناب عتیق الرحمان منیری اور جناب محتشم ہاشم کے ہاتھوں دونوں مہمانوں کو میمنٹو پیش کیے گئے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر جناب ساجد ملا نے بھٹکل میں ملنے والے عوامی تعاون کی سراہنا کی اور کہا کہ بھٹکل کے تعلق سے جو باتیں باہر سننے میں آتی ہیں وہ بھٹکل بالکل مختلف ہے۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر جناب پرویز ایس ایم نے کہا کہ بھٹکل کے لوگ ہمیشہ سے امن پسند واقع ہوئے ہیں لیکن یہاں کے عوام پر غلط الزامات لگاکر اس کی شبیہ بگاڑ دی گئی ہے۔یہاں جو بھی افسر آتا ہے وہ یہاں آنے سے پہلے جو کچھ سوچ اور سن کر آتا ہے یہاں آکر بھٹکل کو بالکل اس کے برعکس پاتا ہے۔انہوں نے ڈی ایس پی اور اے سی سے گزارش کی کہ وہ جہاں بھی جائیں بھٹکل کے تعلق سے انہوں نے جو دیکھا ہے اس کو بیان کریں اور بھٹکل کی شبیہ کو سنوارنے میں تعاون پیش کریں۔ اجلاس کا آغاز مولانا ارشاد افریکہ کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد جناب ڈاکٹر محمد حنیف شباب صاحب نے تنظیم کی سرگرمیوں کو مختصر طور پر مہمانوں کے سامنے رکھا ۔ جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جےنے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی کا تعارف کرتے ہوئے ان کی خدمات کا بھی تذکرہ کیا۔ اس اجلاس کا اختتام تنظیم کے سکریٹری برائے انتظامی امور جناب جیلانی شاہ بندری  صاحب کے شکریہ کلمات پر ہوا۔