بجلی کی بچت کیلئے معیاری پمپ سیٹوں کا استعمال کرنے کی ہدایت

05:19PM Sat 27 May, 2017

بنگلورو۔:وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے آج بتایاکہ ریاست میں کسانوں کو بجلی کی بچت کیلئے معیاری پمپ سیٹ استعمال کرنے کو لاز می قرار دیاگیا ہے۔ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ چار یا پانچ اسٹار والے پمپ سیٹ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس کیلئے مرکز سے بھی منظوری حاصل کرلی گئی۔تجرباتی طور پر دوڈ بالاپور ، نپانی اور ملولی میں اس نظام سے تقریباً چالیس فیصد بجلی کی بچت ہوئی ہے، جس کے پیش نظر ریاست بھر میں اس نظام کو جاری کرنے کا فیصلہ لیاگیاہے۔انہوں نے بتایاکہ بلدی اداروں میں بھی اسی طرح کا نظام رائج کرنے کیلئے محکمۂ دیہی ترقیات وپنچایت اور محکمۂ شہری ترقیات کو بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق کسانوں کے ذریعہ استعمال ہونے والی بجلی پر حکومت سالانہ 9؍ ہزار کروڑ روپے ادا کررہی ہے۔ہر اسمبلی حلقہ کے پانچ دیہاتوں کو ماڈل بجلی دیہات بنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست کے چالیس مقامات پر سب اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔