مرحوم نوشاد قاسمجی کے قتل کی تفتیش سی سی بی کے حوالے
02:53PM Sat 13 Jun, 2020
مینگلورو: 13 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے مشہور وکیل مرحوم نوشاد قاسمجی کے قتل کے گیارہ سال بعد ان کے قتل معاملہ کو سٹی کرائم برانچ پولس بینگلور (سی سی بی) کے حوالے کیا گیا ہے جس کے تعلق سے سی سی بی پولس نے مینگلور کا دورہ بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ بھٹکل کے نوشاد قاسمجی کو ان کے اپارٹمنٹ کے نیچے ہی 9 اپریل 2009 میں بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا تھا۔ جس کے بعد تحقیقات میں معلوم ہوا تھا کہ ان کے قتل کے ایک دن پہلے انڈر ورلڈ ڈاون روی پجاری نے مرحوم نوشاد کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
روی پجاری جس کو گزشتہ سال گرفتار کیا جاچکا ہے اور وہ اب بینگلور سی سی بی پولس کی حراست میں ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اس قتل میں اس کے ملوث ہونے کے بارے میں پتہ لگانے کے لیے ہی یہ کیس سی سی بی کے حوالہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مرحوم نوشاد قاسمجی مینگلور کورٹ میں عبدالرشید المعروف عبدالرشید ملباری کا کیس لڑ رہے تھے اور کہا جاتا ہے کہ ان کے قتل کے پیچھے اسی کیس کا تعلق تھا۔ اس کیس میں روی پجاری اہم ملزم مانا گیا ہے۔