دہلی بی جے پی کے نائب صدر عامر رضا کا استعفیٰ
06:50AM Thu 18 Jul, 2013
دہلی بی جے پی کے نائب صدر عامر رضا کا استعفیٰ
بھٹکلیس نیوز / 18جولائ 13
نئی دہلی:گجرات کے وزراء اعلی نریندر مودی کے خلاف بیان سے پارٹی میں ناراضگی کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی دہلی اکائی کے نائب صدر عامر رضا حسین نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ مسٹر حسین نے بی جے پی کے ریاستی صدر وجے گوئل کو کل ارسال کردہ خط میں کہا ہے کہ انہیں پارٹی میں ایک اہم عہدے پر رہتے ہوئے ایسا تبصرہ نہیں کرنا چاہئے تھا جس سے سینئر لیڈر کی شبیہ متاثر ہو۔پیر کو ایک ٹیلی ویژن پروگرام کے دوران مسٹر حسین نے مسٹر مودی کو تفرقہ پرور لیڈر قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ مسلمانوں کو لال کرشن اڈوانی اور سشما سوراج کی طرح قابل قبول نہیں ہیں۔مسٹر حسین نے کہا تھا کہ مسلم برادری مسٹر اڈوانی اور محترمہ سوراج کو پارٹی کی وزارت عظمی کے عہدے کے امیدوار کے طور پر زیادہ پسند کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کا مقصد پارٹی کے کسی لیڈر کے خلاف ناراضگی ظاہر کرنا نہیں تھا پھربھی وہ اپنے عہدہ سے استعفی دے رہے ہیں۔ریاستی صدر نے ان کا استعفی منظور کرلیا ہے۔مسٹر حسین کو حال ہی میں ریاست کی نوتشکیل شدہ تنظیم میں جگہ دی گئی تھی اور وہ تین ماہ پہلے ہی بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔