پی یو لکچرار کے مطالبات تسلیم نہ کرنے پر پرچوں کی جانچ نہ کرنے کی دھمکی
03:11PM Wed 13 Mar, 2019
بینگلور: 13 مارچ، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست کے پی یو لکچرار اور ریاستی حکومت کے مابین چل رہے تنازعات کے بیچ پی یو لکچرار نے اپنے مطالبات تسلیم نہ کرنے پر اس بار پی یو سی دوم کے پرچوں کی جانچ نہ کرنے اور دھرنے پر بیٹھنے کی دھمکی دے دی ہے۔
اس سلسلہ میں 12/مارچ کو ریاستی سطح کی ایک میٹنگ بلائی گئی تھی جس میں لکچرار کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی ۔ اس موقع پر لکچرار تنظیم کے صدر تھمیا نے کہا کہ اس سے قبل ریاستی حکومت کو لکچرا ر کی چھٹیوں اور دیگر مشکلات کے تعلق سے درخواست دی گئی تھی اور اس کو حل کرنے کی مانگ کی گئی تھی لیکن ابھی تک اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی طرف سے 20/مارچ تک ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جاتا ہے تو پھر ہم 21/مارچ سے بینگلور کے فریڈم پارک میں دھرنے پر بیٹھیں گے۔
خیا ل رہے کہ پی یو سی دوم کے امتحانات یکم مارچ سے شروع ہوچکے ہیں جو 18/مارچ تک چلین گے جس کے بعد 21/مارچ سے پرچوں کی جانچ شروع ہوجائے گی۔تاہم اس درمیان لکچرار کی طرف سے دھرنا طلبہ کے مستقبل کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔