بنگلورو کی مسجد اہل حدیث چارمینار کی انوکھی پہل، ہرماہ مریضوں کو دی جا رہی ہے مالی امداد

01:38PM Thu 4 Oct, 2018

بنگلورو کی مسجد اہل حدیث چارمینار میں اللہ تعالی کی عبادت کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کا منظر بھی دیکھنے کوملا۔ مسجد میں گزشتہ روز منعقدہ ایک تقریب میں175 مریضوں میں مالی مدد تقسیم کی گئی۔ ان میں زیادہ تر ڈائلیسس کے مریض تھے۔ گزشتہ چارسالوں سے چارمینار مسجد کے ذریعہ ہر ماہ 175مریضوں کو مالی مدد دی جا رہی ہے۔ امداد پانے والوں میں ہندو، مسلمان، سکھ اور عیسائی سبھی شامل ہیں۔ تقریب  میں راجیہ سبھا کے رکن ہنومنتیا اورڈاکٹر ناصرحسین نے شرکت کی اورمسجد کی اس سماجی خدمت پر خوشی کا اظہارکیا۔ اس موقع پر چارمینار مسجد کے ذمہ داروں نے کہا کہ ہر ماہ دو سے ڈھائی لاکھ روپئے کی امداد غریب مریضوں کو دی جا رہی ہے۔ علمائے دین نے کہا کہ شریعت میں مسجد کا کردار کافی وسیع ہے۔ موجودہ دور میں جب کہ مذہب کے نام پر نفرت پھیلانے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ ایسے ماحول میں بنگلورو کی چار مینارمسجد سماج کو جوڑنے، امن اوراتحاد کو فروغ دینے، اسلام کے پیغام کو برادران وطن تک بھی پہنچانےکا کام بحسن و خوبی انجام دے رہی ہے۔