وعدہ خلاف نریندرمودی اور ناٹک باز ایڈی یورپا پر عوام بھروسہ نہیں کریں گے۔سدارامیا

12:26PM Sat 27 Oct, 2018

بھدراوتی ۔27؍ اکتوبر ( نامہ نگار) ملک بھر میں جھوٹ کا سہارا لے کر عوام کو دھوکہ دیتے آرہے وعدہ خلاف وزیراعظم نریندرمودی اور ڈھونگی بن کر سیاست کررہے سابق وزیراعلیٰ و بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپا پر عوام کبھی بھروسہ نہیں کریں گے۔ یہ بات سابق وزیراعلیٰ و ریاستی مخلوط حکومت کے کوآرڈی نیشن کمیٹی کے صدر سدارامیا نے کہی۔ انہو ں نے یہاں اولڈ ٹاؤن کے بسویشور سرکل کے قریب منعقدہ کانگریس پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کہ اقتدار پر آئے ہوئے ساڑھے چارسال کا عرصہ گذر جانے کے باوجود ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوسکا وہ بیان بازی اور عوام کو گمراہ کرنے میں وقت ضائع کررہے ہیں۔سدارامیا نے کہا کہ ہرسال 2؍ کروڑ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والے نریندرمودی کم سے کم 10؍ لاکھ نوجوانوں کو بھی روزگار فراہم نہیں کرسکے بلکہ ان کے غلط فیصلوں سے ملک کے ایک کروڑ برسرروزگار نوجوان کو بے روزگار ہونا پڑا ہے۔ ملک کے لیڈروں کا کالادھن واپس لانے اور ملک کے ہر شہری کے بینک کھاتے میں 15؍ لاکھ روپئے جمع کرنے کا اعلان کرنے والے نریندرمودی ایک روپیہ تک جمع نہیں کرسکے۔ صرف سرمایہ کاروں کے مفاد کو نظر میں رکھتے ہوئے نوٹ بندی کا اعلان کرکے کالے دھن کو سفید بنانے میں مدد کی ہے۔ پھر اقتدار پر آنے کے بعد صرف 100؍ دن کے اندر ضروری اشیاء کی قیمت میں کمی کرکے شہریوں کو راحت پہنچانے کا وعدہ کرنے والے وزیراعظم پٹرول ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمت میں دگنا اضافہ کرکے عوام کو تکلیف پہنچائی ہے۔ بی جے پی صرف ذات پات کی سیاست کرتی آئی ہے اور آپسی نفرت کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔سدارامیا نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی طرف سے کیاگیا ایک بھی وعدہ اگر پورا کیا گیا ہوتو ہمت کے ساتھ ایڈی یورپا عوام کے ساتھ سامنے کہیں۔ صرف سبز شال کندھے پر اوڑھ لینے سے اور اپنے آپ کو کسان کا بیٹا کہہ دینے سے کسانوں کے مسائل حل نہیں ہوجاتے جیسے بی ایس ایڈ ی یورپا نے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا چند ہی گھنٹوں بعد ہاویری میں کسانوں پر گولیاں چلائی گئیں اس واقعہ کو ریاست کے عوام کبھی نہیں بھلا سکیں گے ۔ بھدراوتی کے وی آئی ایس ایل کارخانے کا مسئلہ حل کئے بغیر اور حکومت کی طرف سے ایک روپیہ فنڈ منظور کرائے بغیر صرف ڈھونگی سیاست کرتے آرہے ایڈی یورپا کو ضلع کے عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔ 30؍ دسمبر 2009ء کے اسمبلی اجلاس میں جب اپوزیشن لیڈر وی ایس اگرپا نے کسانوں کے قرض معاف کرنے کامطالبہ کیا تھاتو اس وقت کے وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے یہ کہہ کر مذاق اڑایا تھا کہ کسانوں کے قرض معاف کرنے کے لئے حکومت کے پاس نوٹ پرنٹ کرنے کا مشین نہیں ہے۔ ایسے میں کندھے پر سبز شال ہرگز شوبھا نہیں دیتی۔ سدارامیا نے مزید بتایا کہ جب وہ خود وزیراعلیٰ کے عہدہ پر تھے ایڈی یورپا ، جگدیش شٹر ، سدانند گوڈا ، اننت کمار ، شوبھا کرندلاجے اور دیگر بی جے پی کے اراکین پارلیمان کے وفد لے کر دہلی پہنچے تھے اور وزیراعظم نریندرمودی سے گزارش کی تھی کہ ریاست میں شدید قحط سالی ہے کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہیں کسانو ں کے قرض معاف کئے جائیں اور کسانوں کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے تو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اس وقت وفد میں شامل کسان بی جے پی لیڈر نے وزیراعظم کے سامنے اپنی زبان نہیں کھولی اور کسانوں کے ساتھ دھوکہ کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے خوراک وشہری رسد ، اقلیتی بہبود، اوقاف وحج بی زیڈ ضمیر احمد خان، سابق مرکزی وزیر ورکن کونسل سی ایم ابراہیم ، رکن اسمبلی بی کے سنگمیش اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار کے حق میں ووٹ طلب کیا۔