راہل گاندھی کا انتخابی وعدہ: حکومت بننے پر غریب کنبوں کی کم ازکم آمدنی 12ہزارروپئے یقینی بنائی جائے گی

12:12PM Mon 25 Mar, 2019

کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج اعلان کیا کہ مرکز میں ان کی پارٹی کےاقتدار میں آنے پر ملک میں ہر غریب کنبہ کی کم ازکم ماہانہ آمدنی 12ہزارروپئے یقینی بنائی جائے گی۔ راہل گاندھی نے کانگریس کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے اقتدارمیں آنے پر یہ یقینی بنایاجائے گا کہ  ہر غریب کنبہ کی کم ازکم ماہانہ آمدنی 12ہزارروپئے ہو۔ ابھی اگر کسی کنبہ کی آمدنی 6 ہزار روپئے ہے تو 6 ہزارروپئے ماہانہ حکومت فراہم کریگی ۔ یہ بندوبست تب تک رہے گا جب تک متعلقہ کنبہ کی خود کی آمدنی 12ہزار روپئے ماہانہ نہیں ہوجاتی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پانچ کروڑ کنبوں کو یعنی 25کروڑ لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ یہ اسکیم آسانی سے نافذ کی جا سکتی ہے کیونکہ اس کے لئے رقم دستیاب ہے ۔
 راہل گاندھی نے کہا کہ یہ اسکیم پارٹی کےانتخابی منشور میں شامل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی میں ملک سے ہر حال میں غریبی کو مٹانا ہے اور یہ غریبی کے خلاف آخری لڑائی ہے ۔منریگا غریبی مٹانے کی سمت میں پہلا قدم تھا۔
 کانگریس صدر نے کہا،’’ ہم دوہندستان نہیں بننے دیں گے ۔ایک ہندستان ہوگا جس میں غریبوں کی بھی عزت ہوگی ۔ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں انتخابی منشور کے ساتھ ساتھ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں پارلیمانی پارٹی کی لیڈر اور سابق صدر سونیاگاندھی موجود نہیں تھیں ۔اس میں سینئر لیڈر منموہن سنگھ ، اے کے انٹونی ،غلام نبی آزاد ،پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا سمیت ورکنگ کمیٹی کے بیشتر ارکان موجود تھے۔