بھٹکل میں بیس دنوں بعد ایک اور کورنا پوزیٹیو کا معاملہ: ضلعی انتظامیہ میں تشویش

09:28AM Tue 5 May, 2020

بھٹکل: 5 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں آج منگل کی صبح ایک اور کورونا پوزیٹیو معاملہ کی خبر سامنے آئی ہے جس میں بھٹکل کی 18 سالہ لڑکی اس مرض سے متاثر پائی گئی ہے۔ 2 مئی کو اس لڑکی میں کورونا کے اثرات پائے گئے تھے جس کے بعد لڑکی کو سرکاری اسپتال لے جایا گیا تھا اور وہاں سے اس کے تھوک کے نمونوں کو جانچ کے لیے بھیجا گیا تھا جس کے بعد آج اس کی رپورٹ مثبت موصول ہوئی تھی۔ اس تازہ رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد بھٹکل کے عوام سمیت ضلعی انتظامیہ میں بھی ہلچل مچ گئی ہے اور بھٹکل کے لاک ڈاؤن میں چھوٹ دینے کی تمام تر امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ کل ضلعی انچارج وزیر شیورام ہیبار کی جانب سے افسران کے ساتھ ایک نشست منعقد کی گئی تھی جس میں بھٹکل کے سوا اتر کینرا کے تمام تعلقہ جات کو جزوی چھوٹ دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بھٹکل کو کنٹینمٹ ایریا ہونے کی وجہ سے اس سے الگ رکھا گیا تھا۔ تاہم بعض افراد کا خیال تھا کہ آئندہ کچھ دنوں میں بھٹکل کنٹینمنٹ ایریا سے نکل جائے گا اور یہاں بھی جزوی طور پر چھوٹ دی جائے گی لیکن آج سامنے آئے اس تازہ معاملہ نے تمام کو حیران کردیا ہے۔ ابتدائی طور پر سننے میں آیا تھا کہ یہ لڑکی گھر میں ہی تھی اور کسی کورونا مریض کے رابطہ میں نہیں تھی لیکن تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ لڑکی کی بہن اور بہنوئی کچھ دنوں قبل مینگلور اسپتال گئے ہوئے تھے جس میں اسپتال میں کورونا کے دو مریض پائے گئے تھے جس میں ایک کی موت بھی ہوئی تھی۔ سمجھا جارہا ہے کہ یہیں سے لڑکی میں کورونا کا انفکشن منتقل ہوا ہے لیکن اس سلسلہ میں کوئی حتمی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جس لڑکی کی رپورٹ کورونا پوزییٹو آئی ہے وہ اپنی بڑی بہن، نانا ، نانی اورخالہ کےساتھ گھر پر رہتی ہے۔  لڑکی کی رپورٹ پوزیٹیو آنے کے بعد  ان تمام لوگوں  کے سیمپل جانچ کے لئے لیے گئے ہیں اور تمام کو کورنٹائن کیا گیا ہے۔