حالات کی خرابی کے باوجود بھی اسلام پھلا پھولا ہے؛ مولانا خالد غازی پوری ندوی
04:00PM Sat 29 Jul, 2017
بھٹکلیس ڈاٹ کام کی مولانا خالد صاحب غازی پوری ندوی سے خصوصی ملاقات
" اسلام خود چلینج بن کر آیا تھا ان حالات کے خلاف جو مکہ مکرمہ میں پائے جارہے تھے اور اس نے سب کے سامنے قوت کے ساتھ ابھر کر دکھایا۔ حالات کی خرابی اسلام کو بگاڑ نہیں سکتی بلکہ اسلام حالت کی خرابی میں ہی پھلا پھولا ہے"۔ یہ خیالات تھے عالم اسلام کی مشہور درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء کے استاد حدیث حضرت مولانا خالد ندوی غازی پوری صاحب کے جو کل یہاں بھٹکلیس کی خصوصی دعوت پر بھٹکلیس کی ٹیم سے مخاطب تھے۔
بھٹکلیس کے چیرمین جناب محسن صاحب شابندری صاحب کے مکان میں منعقد اس مختصر سی نشست میں انہوں نے موجودہ حالات میں استقامت کو تھامے رہنے کی بات کی اور کہا کہ آزمائشیں آرہی ہیں تو سمجھنا چاہئے کہ ہمیں یہ اسلام کی وجہ سے مل رہی ہیں اس پر واویلا مچانے کے بجائے اسے اپنی خوش قسمتی سمجھنا چاہئے، مولانا نے آزمائش کو مومنین کے ساتھ ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی موجودہ صورتحال ہے وہ مسلمانوں کو پسپا کرنے کے لئے ہیں لیکن ہمارا فرض یہ ہے کہ ہم اپنی پہچان کو اور اپنی دعوت کو سینے سے لگا کر آگے بڑھیں۔
مولانا محترم نے ایمان کی دولت کو بہت ہی بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے انبیاء کی مثال دی اور کہا کہ انبیاء پر تمام طرح کی مشکلات آئیں لیکن انہوں نے کبھی اپنے دین کو نہیں چھوڑا لہٰذا آج جو چیزیں چل رہی ہیں وہ پہلے دن سے اسلام کے ساتھ لگی ہوئی ہے۔
مولانا محترم نے بھٹکلیس کے پلیٹ فارم سے مسلمانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ حق پر ڈٹے رہیں اور پختہ رہیں تاکہ انہیں پختہ نتائج حاصل ہوں۔ اس موقع پر چیرمین بھٹکلیس ڈاٹ کام جناب محسن شابندری صاحب، جناب جیلانی شابندری صاحب، جناب رضوان گنگاولی صاحب، جناب مولوی عبداللہ دامدا صاحب، جناب مولوی عبدالنور فکردے صاحب اور دیگر موجود تھے۔
اس سلسلہ کی پوری ویڈیو دیکھنے کے لئے فیس بک کے ہمارے پیج کو وزٹ کریں۔
https://www.facebook.com/bhatkallys/videos/1861115207237608/